اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پرعمران خان کو نوٹس جاری کر دیا

عدالت نے فائل گم ہونے والے کیس کے ساتھ جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے کیس کو منسلک کر دیا، امن و امان کی صورتحال کے معاملے پر آئی جی اور اسلام آباد کی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 22 مارچ 2023 11:43

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پرعمران خان کو نوٹس جاری کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔22 مارچ2023ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔اے سی شالیمار نے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

عدالت نے فائل گم ہونے والے کیس کے ساتھ اس کیس کو منسلک کر دیا۔جب کہ امن و امان کی صورتحال کے معاملے پر آئی جی اور اسلام آباد کی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔خیال رہےکہ اسلام آباد پولیس نے اتوار کو عمران خان اور پی ٹی آئی کے ایک درجن سے زائد رہنمائوں کے خلاف فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس (یف جے سی)کے باہر پولیس افسران پر حملہ کرنے اور افراتفری پھیلانے کے الزام میں دہشت گردی کے الزامات کی ایف آئی آر درج کی ہے۔

(جاری ہے)

ہفتے کے روز عمران خان کے توشہ خانہ کیس کی سماعت میں پیشی کے لیے ایف جے سی پہنچنے کے بعدپی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان کئی گھنٹے تک جھڑپیں ہوئیں۔ پرتشدد تصادم میں، پی ٹی آئی کے حامیوں نے قانون نافذ کرنے والوں کو پیچھے دھکیلنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گاڑیوں کو آگ لگانے کے لیے پٹرول بموں کے ساتھ ساتھ پولیس کے خلاف پتھرائو بھی کیا۔

ہجوم نے ایک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی جبکہ تصادم کے دوران 52 اہلکار زخمی ہوئے۔رمنا تھانے کے ایس ایچ اوملک رشید احمد نے اسلام آباد کے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں عمران اور دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔ شکایت میں دفعہ 148(ہنگامہ آرائی، مہلک ہتھیاروں سے لیس)، 149 (غیر قانونی طور پر جمع ہونے کاجرم کا )، 186 (سرکاری ملازمین کی سرکاری امور کی انجام دہی میں رکاوٹ (دفعہ 353 حملہ یا سرکاری ملازم کو ڈیوٹی کی ادائیگی سے روکنے کاجرم )، 380 (گھر میں چوری وغیر ہ ، مجرمانہ دھمکی اور چند دیگر دفعات اس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے ) 1997 کی دفعہ 7 (دہشت گردی کی کارروائیوں کی سزا) بھی شامل ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں