وزیراعظم سے سعودی عرب کے معروف کاروباری گروپ التمیمی کے صدر اور سردار محمد الیاس کی ملاقات

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ایک باقاعدہ جامع سیاحتی پالیسی کے نفاذ کی ضرورت ہے،چیئرمین سینٹورس

اتوار 12 مئی 2024 20:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے معروف کاروباری گروپ التمیمی کے صدر اور دی سینٹورس کے چیئرمین سردار محمد الیاس خان نے رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی اور سینٹورس کے سی سی او سردار یاسر الیاس خان کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں سردار الیاس خان نے سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

انہوں نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کیلئے ون ونڈو کو ترقی دینے اور ٹیکس مراعات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے سہولیات کی فراہمی کا جامع طریقہ کار وضع کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ایک باقاعدہ جامع سیاحتی پالیسی کے نفاذ کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں سردار محمد الیاس خان اور ان کے خاندان کی کوششوں اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بہتر بنانے کے لیے ان کے تعاون کو سراہا۔

وزیر اعظم نے جی ڈی پی میں اضافے کیلئے مقامی پیداوار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے برآمدات کو بڑھانے کے لیے بھی مضبوط عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے مقامی اور بیرون ملک سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کمپنیوں کے لئے حکومت کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں وزیر تجارت جام کمال اور سیکرٹری تجارت صالح احمد بھی موجود تھے۔

ستارہ پاکستان حاصل کرنے والے سردار محمد الیاس خان ایک ممتاز کاروباری شخصیت ہیں۔ انہوں نے اپنی صلاحیتوں اور کوششوں کے ذریعے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا ہے اسلام آباد میں سینٹورس 350ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ ایک نمایاں مثال ہے۔ اپنی ذاتی کوششوں کی بدولت وہ سعودی عرب میں 13,000 سے زائد پاکستانیوں کے لیے روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، جو اب پاکستان کو 15 ارب روپے کی ترسیلات زر بھیج رہے ہیں۔

اس کے خلیجی ممالک کے اعلی کاروباری گروپوں کے ساتھ بھی انکے قریبی روابط ہیں۔ سردار الیاس خان سعودی وفد میں سب سے بڑے گروپ کی نمائندگی کر رہے تھے، ان کی کوششوں سے پاکستان فوجی فانڈیشن کے ذریعے التمیمی کو کئی دیگر غذائی مصنوعات کے ساتھ گوشت برآمد کرے گا۔ ان کے دورے کے دوران ایف ڈبلیو او، این ایل سی اور کئی دیگر مقامی تنظیموں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور خدمات کے معاہدوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں