عدالتی حکم پر بشریٰ بی بی کا نجی ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ کروا دیا گیا

عمران خان کی اہلیہ کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اور سرکاری ڈاکٹروں کی ٹیم بھی ہسپتال میں موجود تھی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 20 اپریل 2024 13:40

عدالتی حکم پر بشریٰ بی بی کا نجی ہسپتال سے میڈیکل چیک اپ کروا دیا گیا
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2024ء ) عدالت کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا نجی ہسپتال سے طبی معائنہ کروا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کو احتساب عدالت کے حکم پر سب جیل بنی گالہ سے ہسپتال لایا گیا، پولیس نے انہیں چیک کے لیے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے معدے اور خون کا ٹیسٹ لیا گیا، طبی معائنے کے دوران سابق وزیراعظم کی اہلیہ کی انڈو سکوپی کی گئی، انڈو سکوپی کے علاوہ ڈاکٹر کی ہدایات پر بشریٰ بی بی کے دیگر ٹیسٹ بھی ہوئے، اس دوران سابقہ خاتون اول کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اور سرکاری ڈاکٹروں کی ٹیم بھی نجی ہسپتال میں موجود رہی، بشریٰ بی بی کے وکلاء کی ٹیم بھی ہسپتال میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ راولپنڈی کی احتساب عدالت نے قائد پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبی معائنے کی درخواستیں منظور کیں، اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی جہاں عدالت نے حکم دیا تھا کہ بشریٰ بی بی کا انڈو سکوپی ٹیسٹ نجی ہسپتال سے 2 روز میں کروایا جائے، انڈو سکوپی ٹیسٹ ڈاکٹر عاصم یونس اور سرکاری ڈاکٹر کی زیر نگرانی کروایا جائے۔

ادھر محکمہ صحت خیبرپختونخواہ نے پنجاب حکومت سے رابطہ کرکے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کیلئے ایک بار پھر درخواست کر دی، محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے پنجاب حکومت کو یاددہانی کا خط ارسال کیا ہے جس میں سابق خاتون اول کے طبی معائنے کی غرض سے میڈیکل ٹیم کیلئے اجازت مانگی گئی ہے، وزیر صحت خیبرپختونخوا سید قاسم علی شاہ کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ 3 اپریل کو لکھے گئے خط کا ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

معلوم ہوا ہے کہ خط میں وزیر صحت نے سابقہ خاتون اول کی صحت کے بارے میں تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ، صوبائی وزیر صحت نے خط میں لکھا کہ میرے دفتر سے جاری ہونے والے خط میں بشریٰ بی بی کو زہریلی خوراک سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ، ہم نے پہلے بھی بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کے نام خط لکھا تھا، بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر حکومت پنجاب سے رابطہ کیا ، ہم نے خط میں خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل کی بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست کی تھی، ہم چاہتے ہیں حکومت خیبرپختونخوا کے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل بشریٰ بی بی کا تفصیلی معائنہ کرے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں