بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ مکمل واپس بنی گالا سب جیل منتقل کر دیاگیا

دوران ٹیسٹ ہسپتال انتظامیہ نے دیگر افراد کا داخلہ محدود کیا، میڈیکل روم کے اندر اور باہر پولیس کی نفری تعینات کی گئی،ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اور وکیل انتظار پنجوتھا بھی ہسپتال میں موجود تھے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 20 اپریل 2024 15:52

بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ مکمل واپس بنی گالا سب جیل منتقل کر دیاگیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل2024 ء) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ مکمل کر لیا گیا جس کے بعد انہیں واپس سخت سیکورٹی میںسب جیل بنی گالا منتقل کر دیاگیا،بشریٰ بی بی کے ہسپتال میں مختلف ٹیسٹ کئے گئے ،دوران ٹیسٹ ہسپتال انتظامیہ نے دیگر افراد کا داخلہ محدود کیا، میڈیکل روم کے اندر اور باہر پولیس کی نفری تعینات کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آج سخت سیکورٹی میں بنی گالا سے الشفا انٹرنیشنل اسلام آباد میں لایا گیا اس موقع پر ہسپتال کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور ہسپتال کے اندر بھی مریضوں کی نقل و حرکت کو محدود رکھاگیا تھا۔بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم بھی اس موقع پر الشفاءہسپتال میں موجود رہے اور ان کی نگرانی میں ڈاکٹروں نے بشریٰ بی بی کی اینڈوسکوپی سمیت ان کے دیگر ٹیسٹ کئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا بھی ہسپتال میں موجود تھے ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے تمام ٹیسٹ کروائے جا چکے ہیں اب ہمیں رپورٹس ملنے کا انتظار ہے۔

(جاری ہے)

تمام ٹیسٹوں کی رپورٹس ملنے کے بعد انہیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا یا جائیگا ۔ترجمان بشریٰ بی بی مشعال یوسفزئی کا بھی کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے تحت سابق خاتون اول کی اینڈوسکوٹی کروائی گئی ہے ۔خیال رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران احتساب عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے دونوں کا طبی معائنہ کروانے کا حکم دیا تھا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاوٴنڈز ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی تھی۔دوران سماعت وکلا کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے سے متعلق درخواستیں عدالت میں دائر کی گئیں تھیں۔عدالت نے سابق وزیر اعظم سے استفسار کیا تھاکہ آپ یہ بتائیں کہ کیا بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ ہوا ہے؟ بانی پی ٹی آئی کاموقف تھا کہ ڈاکٹر عاصم یونس نے بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ الشفا ہسپتال سے کرانے کی تجویز دی تھی تاہم جیل انتظامیہ پمز ہسپتال سے ٹیسٹ کرانے پر بضد ہے، کہا جا رہا ہے کہ جیل مینول کے مطابق سرکاری ہسپتال سے ہی ٹیسٹ کرانے کی اجازت ہے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے تھے کہ انسانی بنیادوں پر بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ نجی ہسپتال سے کرانے کا آرڈر کر دیتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کا انڈوسکوپی ٹیسٹ نجی ہسپتال سے کروانے کا حکم دے دیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں