باتوں اور ٹک ٹاک سے کچھ نہیں ہوتا پنجاب پولیس میں ریفارمز لانے کی ضرورت ہے،علی امین گنڈا پور

میں کچھ کہتا ہوں تو سارے میرے پیچھے پڑجاتے ہیں،وردی پہن کر ٹک ٹاک تو اچھی بن سکتی ہے لیکن اس سے مسائل حل نہیں ہو سکتے،گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 1 مئی 2024 12:56

باتوں اور ٹک ٹاک سے کچھ نہیں ہوتا پنجاب پولیس میں ریفارمز لانے کی ضرورت ہے،علی امین گنڈا پور
اسلا م آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مئی 2024 ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ باتوں اور ٹک ٹاک سے کچھ نہیں ہوتاپنجاب پولیس میں ریفارمز لانے کی ضرورت ہے ،وردی پہن کر ٹک ٹاک تو اچھی بن سکتی ہے لیکن اس سے مسائل حل نہیں ہو سکتے ،میں کچھ کہتا ہوں تو سارے میرے پیچھے پڑجاتے ہیں۔دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس الیکشن میں دھاندلی کی آلہ کار بنی تھی ۔

وردیاں پہننے سے مسائل حل نہیں ہو تے ۔پنجاب پولیس الیکشن میں بدترین دھاندلی میں آلہ کار بنی تھی۔پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت میں معاشی صورتحال بہتر تھی اور عالمی اداروں کی جانب سے معاشی اعشاریہ میں بہتری کی نشاندہی بھی کی گئی تھی جبکہ پی ڈی ایم کی سولہ ماہ کی حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے جس میں ملک میں مہنگائی تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گئی تھی اور انہوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے دو روزقبل نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی بات کریں گے تو اپنی شرائط کے مطابق کریں گے،عمران خان جب کہیں گے حکومت کا تختہ الٹنا ہے تو یہ ہم کر کے دکھائیں گے ، بانی پی ٹی آئی کا کوئی ذاتی مفاد نہیں وہ پاکستان کیلئے ہی بات کریں ورنہ نہیں کریں گے۔ گفتگو کرتے ہوئے ان کامزید کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ 9مئی واقعے پر انکوائری کیلئے اسمبلی سے قرار داد آئے اور پھر جوڈیشل کمیشن بنے ،کابینہ کے ذریعے سے بھی چیف جسٹس ہائیکورٹ سے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ سکتا ہوں ۔

9مئی کے واقعات پر انکوائری کیلئے اسمبلی سے قرارداد آئیگی تو اس میں زیادہ وزن ہوگا۔اس ملک میں آئین کی بار بار خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ۔مخصوص نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن سے دوبارہ رابطہ کرینگے۔چیف الیکشن کمشنر نے بار بار آئین کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ عوام نے ضمنی الیکشن میں جواب دیدیاتھا کہ وہ کیا چاہتے ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں