حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، وزیراعظم شہبازشریف

جمعہ 17 مئی 2024 16:04

حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں،  وزیراعظم   شہبازشریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، بیرونی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو ملک میں روزگار کی فراہمی، ملکی برآمدات میں اضافے اور معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے حکومت ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے مشروبات بنانے والی بین الاقوامی کمپنیوں کے وفد سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کوکاکولا پاکستان و افغانستان کے نائب صدر وولکان اونگُچ ،سی ای او پیپسی کو پاکستان و افغانستان محمد کھوسہ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر وفاقی وزرا جام کمال خان، رانا تنویر حسین، عبدالعلیم خان اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد کے ارکان نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفد نے آگاہ کیا کہ بین الاقوامی مشروبات بنانے والی کمپنیوں کے پاکستان میں 25 کے قریب کارخانے ہیں جن میں 1 لاکھ 30 ہزار لوگوں کو براہ راست روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو کمپنیوں کی جانب سے ملک میں ری سائیکلنگ کے سب سے بڑے نظام کے حوالے سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ بتایا کہ یہ کمپنیاں ملکی خزانے کو ٹیکس کی مد میں ہر برس خطیر حصہ ادا کرتی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو ملک میں روزگار کی فراہمی، ملکی برآمدات میں اضافے اور معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے حکومت ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہی ہے۔ یہ امرخوش آئند ہے کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیاں کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (CSR) کے تحت سرگرمیوں سے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ وزیرِ اعظم نے متعقلہ حکام کو بین الاقوامی کمپنیوں کی تجاویز پر مشاورت کے بعد ان کے مسائل کا حل جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔\932

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں