سائفر کیس، عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا ﺅںکیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 21 مئی کو سماعت کریں گے

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 18 مئی 2024 11:52

سائفر کیس، عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا ﺅںکیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 مئی 2024 ) سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کی سزاﺅں کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کر دی ہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 21 مئی کو سماعت کریں گے،آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ کے دلائل مکمل ہونے کا امکان ہے۔

پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل ہونے پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل جواب الجواب دلائل دیں گے۔ 15 مئی کو چیف جسٹس کی عدالت کی کازلسٹ منسوخ ہونے کے باعث سائفر اپیلوں اور نیب توشہ خانہ کال آپ نوٹسز کے خلاف سماعت نہیں ہو سکی تھی۔سائفر اپیلوں اور نیب توشہ خانہ کال آپ نوٹسز کے خلاف اپیلوں سمیت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کے تمام کیسوں کی کازلسٹ منسوخ کر دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کے کیسوں کی تمام کازلسٹ منسوخ کر دی گئی تھی۔جس کے باعث چیف جسٹس کی عدالت کی سنگل اور ڈویژن بنچ میں تمام کیسز کینسل کر دئیے گئے تھے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے چیمبر ورک کیا تھا۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 190 ملین پاونڈ کیس میں ضمانت منظور کر لی تھی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ بدھ کو سنا یاتھا۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔دو روز قبل اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے آزادی مارچ کے دوران تھانہ کھنہ میں درج لانگ مارچ توڑ پھوڑ کے دو مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بری کر دیاتھا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایاتھا۔فیصلے کے مطابق شواہد ناکافی ہونے کی بنیاد پر عدالت نے بریت کی درخواست منظور کی تھی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار مصروف اور مرزا عاصم نے بریت کی درخواست پر دلائل دئیے تھے۔ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تناظر میں ملک بھر میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنان کے خلاف دفعہ 144 سمیت دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر درجنوں مقدمات درج کئے تھے۔عمران خان کے خلاف تھانہ سہالا، لوہی بھیر اور تھانہ بارہ کہو میں مقدمات درج کئے گئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں