مکروہ ہتھکنڈوں اور پرتشدد کارروائیوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے،رﺅف حسن

بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے ایسی کارروائیوں سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، شرپسند قوم کے سامنے مزید بے نقاب ہوں گے،میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 22 مئی 2024 13:23

مکروہ ہتھکنڈوں اور پرتشدد کارروائیوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے،رﺅف حسن
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 مئی 2024 ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رﺅف حسن کا کہنا ہے کہ مکروہ ہتھکنڈوں اور پرتشدد کارروائیوں سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے،بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے ایسی کارروائیوں سے کچھ حاصل نہیں ہوتا،اسلام آباد میں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ شرپسند قوم کے سامنے مزید بے نقاب ہوں گے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پوری قوم جانتی ہے کہ ان کے پیچھے کون ہے ۔یہ حملہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ایسی کارروائیوں سے ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔دریں اثناءپاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات روف حسن پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں روف حسن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں اقدام قتل، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما روف حسن کی ایف آئی آر نامعلوم خواجہ سراوں کے خلاف درج کی گئی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روزاسلام آباد میں نامعلوم افراد کے حملے میں پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان روف حسن زخمی ہوگئے تھے۔روف حسن جی سیون مرکز میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر سے نکلے تو باہر نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کردیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق روف حسن کو خواجہ سراوں نے چہرے پر بلیڈ مارا تھا۔

حملے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان کا چہرہ زخمی ہواتھا جس پر انہیں طبی امداد کیلئے پی اے ایف ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔پی ٹی آئی نے پارٹی ترجمان رﺅف حسن پر حملے کو شرمناک اور قابل مذمت قرار دیاتھا۔یہ پرتشدد قابل مذمت اقدام آزادی اظہار رائے، جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر حملہ قرار دیاتھا۔اس طرح کی شرمناک حرکتیں روف حسن یا پی ٹی آئی ہمارے مقصد سے بھٹکا نہیں سکتے، دھمکانے یا ہمیں خاموش کرانے کی کوششیں، انصاف اور برابری پر مبنی معاشرے کیلئے جاری ہماری لڑائی کیلئے ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ روف حسن پی ٹی آئی کے چیف الیکشن کمشنر ہیں، کوشش کی جارہی ہے کہ ایسے واقعات ہوں جس سے ملک کا امن خراب کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مکمل انوسٹی گیشن ہو اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے نظریے کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں