سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبے میں طالب علموں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا قومی معیشت کے استحکام کے لئے نہایت اہم ہے‘ جامعات کو اعلیٰ معیار قائم رکھنے کیلئے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا چاہئے

صدر مملکت ممنون حسین کا این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی پہلی سینیٹ میٹنگ سے خطاب

منگل 28 مارچ 2017 16:24

سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبے میں طالب علموں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا قومی معیشت کے استحکام کے لئے نہایت اہم ہے‘ جامعات کو اعلیٰ معیار قائم رکھنے کیلئے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا چاہئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبے میں طالب علموں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا قومی معیشت کے استحکام کے لئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی پہلی سینیٹ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ جامعات کو اعلیٰ معیار قائم رکھنے کے لئے اپنے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا چاہئے تاکہ طلبا کو ایسا ماحول میسر آسکے کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قوم بہترین افرادی قوت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ انسٹی ٹیوٹ کی سینیٹ ادارے کو درپیش مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے ہدایت کی کہ سینیٹ کے اجلاس معمول کے مطابق ہونے چاہئیں تاکہ مسائل بروقت حل ہو سکیں اور یہ ادارہ سینٹر آف ایکسیلنس کے طور پر ابھر سکے۔ میٹنگ میں این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 2017-18ء کے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی اور تعلیمی، انتظامی، مالی اور سکیورٹی امور کے متعلق بھی اہم فیصلے کئے گئے۔ اس موقع پر این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر کی ملازمت میں دو سال کی توسیع بھی کی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں