صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار عتیق احمد خان کی ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات

مودی نے بھارت میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات جیتنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت میں مزید اضافہ کر دیا ہے،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

جمعہ 19 اپریل 2024 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرو ممبر قانون ساز اسمبلی و صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پرملاقات میں سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان کے فرزند سردار عثمان عتیق اور صدارتی مشیر سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار نے کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ دئیے ہیں ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے اور مودی نے بھارت میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات جیتنے کے لئے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت میں مزید اضافہ کر دیا ہے تو ایسے حالات میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں اور سیاسی قیادت کو اندرون و بیرون ملک مودی کی ریشہ دوانیوں کے خلاف بھرپور انداز میں متحد ہو کر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے کیونکہ بھارت اپنی احمقانہ پالیسیوں کی وجہ سے خود ہی دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

جیسا کہ کینیڈا، امریکہ اور دیگر ممالک میں سکھ رہنمائوں کے قتل عام میں بھارت ملوث ہے اور اسی طرح دنیا بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کی خفیہ ایجنسی راء بھی ملوث ہے جس کے ٹھو س شواہد دنیا کے سامنے آشکار ہو چکے ہیں۔ لہذا ایسے میں آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر اندرون و بیرون ملک مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی حکومت کے ظلم و جبر کے خلاف اپنا کردارادا کرنا چاہیے۔

اس موقع صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرو ممبر قانون ساز اسمبلی و صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کے درمیان جہاں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری بدترین مظالم پر تبادلہ خیال کیا گیا وہاں پر دونوں رہنمائوں کے درمیان آزادکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرو ممبر قانون ساز اسمبلی و صدر آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں