ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید کا شریف المجاہد کی وفات پر اظہار تعزیت

منگل 28 جنوری 2020 15:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر راشد حمید نے معروف لکھاری، ماہرتعلیم، مؤرخ، جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ کے بانی چیئرمین ، تحریک پاکستان کے حوالے سے متعدد کتابوں کے مصنف اور مترجم شریف المجاہد کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ شریف المجاہد نے قائداعظم کے حوالے سے کافی کام کیا۔

وہ اس سلسلے میں ایک حوالے کا درجہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر راشد حمید نے کہا کہ شریف المجاہد ایک اچھے صحافی تھے۔ وہ متعدد روزناموں اور ہفت روزہ رسائل سے وابستہ رہے اورانہوں نے کئی غیر ملکی اخبارات کے لئے کام کیا اور بیرون ملک میں کئی جامعات میں بطور وزیٹنگ پروفیسر بھی رہے۔شریف المجاہد کو قائداعظم کے حوالے سے شائع ہونے والی کتب پر صدارتی ایوارڈ دیا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کی وفات سے قائداعظم کی شخصیت اور ان کے کام پر تحقیق کرنے والوں کو نقصان ہوا۔ قائد کے حوالے سے ان کی تحریریں تادیر زندہ رہیں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں