چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری سے چینی سفیر یاؤ جنگ کی ملاقات

اعلیٰ تعلیمی شعبے میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت

پیر 20 اگست 2018 17:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ جنگ سے ملاقات کی جس میں اعلیٰ تعلیمی شعبے میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے عناوین کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق بنوری نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور چین اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اپنے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مزید اقدامات اٹھائیں گے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے پاکستان اور چین کے مابین باہمی تعاون کے جاری منصوبوں کے بارے میں امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ تعلیم کے شعبہ اور تحقیق میں مزید مستحکم تعلقات استوار ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے میں اعلیٰ تعلیم کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ چینی محققین کم دورانیہ اور زیادہ عرصے تک پاکستانی جامعات میں تعلیم و تحقیق کے لئے آئیں۔

یاؤ جنگ نے بتایا کہ تقریباً 2000 پاکستانی طلباء چین میں تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ 2000 چینی طلباء بھی پاکستانی جامعات میں حصول تعلیم میں مشغول ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چائنہ اسٹڈی سنٹر اور کنفیوژس انسٹی ٹیوٹس کو معاشی ترقی، ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تغیر، سماجی مساوات اور گڈ گورننس جیسے اہم عناوین پر چینی تجربات کو شیئر کرنے اور تحقیق میں معاونت فراہم کرنے کے لئے متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اساتذہ کو گورننس، انڈسٹری اور ڈویلپمنٹ جیسے عناوین پر چینی حکومت کی جانب سے کروائی جانے والی تربیتوں سے استفادہ حاصل ہوگا۔ ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ پاکستانی طلباء کی چینی جامعات اور چینی طلباء کی پاکستانی اعلٰی تعلیمی اداروں میںتعداد میں مزید اضافہ ہونا چاہئے۔ ملاقات کے دوران گورنمنٹ یونیورسٹی آف گوادر کے قیام، متعدد جامعات کے مابین معاہدات ، گوادر کے طلباء کے لئے ایک سالہ چینی زبان کے کورس کے سکالرشپ پروگرام اور نوجوانوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کرنے کا پروگرام بھی زیر بحث آئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں