آئندہ تین روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

جمعہ 26 اپریل 2024 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) آئندہ تین روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، موسلا دھار بارش کے باعث برساتی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، متعلقہ اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق درمیانی سے تیز موسلا دھار بارش کے باعث بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں خصوصاً(نوشکی، زیارت، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان اور نصیر آباد) کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔27 سے 29 اپریل کے دوران درمیانی سے تیز موسلا دھار بارش کے باعث دیر، سوات، چترال،مانسہرہ ، کوہستان اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ۔

(جاری ہے)

اس دوران (27 سے 29 اپریل) تیز بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات،کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔آندھی/جھکڑ /ژالہ باری/گرج چمک اور تیز بار ش کے باعث انسانی جانوں ، کھڑی فصلوں، کمزور انفرا سٹرکچر (بجلی کے کھمبے،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔آج ہفتہ کے روز خیبر پختونخوا ، پنجاب ، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی مشرقی بلوچستان میں آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بعض مقا مات پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے ۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب،کشمیر اوربالائی سندھ میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہا۔سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں خضدار 27،پنجگور 15، دالبندین، ژوب 10، کوئٹہ(سٹی ،سمنگلی20)، قلات 04، بارکھان 02،خیبرپختونخوا میں مالام جبہ 23، پاراچنار 17،کاکول، دروش08، پٹن 07،چترال، دیر ،میرکھانی 05،سیدو شریف03، بالاکوٹ 02،ڈی آئی خان،بنوں ،کالام 01،پنجاب میں بھکر 07، اٹک06،اسلام آباد ائرپورٹ 03، کرور (لیہ)02،مری ،ڈیرہ غازی خان 01،کشمیر :گرھی دوپٹہ 05،مظفر آباد(ائرپورٹ 05، سٹی03) سندھ میں جیکب آباد میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت قصور 42،شہید بینظیر آباد،لاڑکانہ 41،بہاولنگر،دادو اور چھور میں 40ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں