راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی چک بیلی کے مقام پر کھلی فضا میں کچرا پھینک رہی ہے، کچرا علاقے بھر میں تعفن کا باعث بن رہا ہے، راجہ اعجاز

پیر 24 ستمبر 2018 22:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) تحریک صوبہ پوٹھوہار کے قائد راجہ اعجاز نے کہا ہے کہ روات کے علاقے چک بیلی کے مقام پر راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کھلی فضا میں کچرا پھینک رہی ہے جو علاقے بھر میں تعفن کا باعث بن رہا ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ پیر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں راجہ اعجاز، ارشد سلہری، راجہ عمران ظہور، چودھری ذاکر حسین نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی غفلت کی وجہ سے گزشتہ کئی سال سے روات کے علاقے بیلی روڈ پر گندگی کے ڈھیرپڑے ہیں، گندگی اور بدبوسے تنگ آکر ہزاروں مقامی لوگ سٹرکوں پر نکل آئے ہیں۔

مقامی رہائشیوں کا موقف ہے کہ ان کے مال مویشی، فصلیں زہر آلود آب ہوا کی وجہ سے تباہ ہو رہی ہیں، قریبی ہسپتالوں میں روزانہ آنے والے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچرا ڈمپنگ کے لئے موضع لوسر میں 592کنال زمین حاصل کی گئی تو کچرا ڈمپنگ، کچرا ٹریٹمنٹ، چار دیواری اور درخت لگانے سمیت واٹر فلٹریشن پلانٹ لگائے جانے تھے، کچرا ڈمپنگ منصوبے پر جاپان کے ادارے جائیکا نے کروڑوں روپے کے فنڈز دیئے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان، چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ اس معاملے کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں