گوادر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،گوادر کے منصوبہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھلیں گے

جوائنٹ ورکنگ گروپ آف گوادر اینڈ پلاننگ کی ویڈیو کانفرنس وزارت میں منعقد ہوئی ، صدارت سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور چینی سیکرٹری پلاننگ یی کنگ نے کی

جمعرات 15 نومبر 2018 23:59

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) جوائنٹ ورکنگ گروپ آف گوادر اینڈ پلاننگ کی ویڈیو کانفرنس جمعرات کو وزارت میں منعقد ہوئی۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن اور چینی سیکرٹری پلاننگ یی کنگ نے کی۔ اجلاس کے دوران دونوں اطراف کے صوبائی اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری پلاننگ نے کہا کہ گوادر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس منصوبہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک بہت بڑی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے کیونکہ اس منصوبہ سے معاشی مواقع بڑھیں گے، اس منصوبہ کی تزویراتی اہمیت امن و خوشحالی پورے خطہ کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے سی پیک منصوبہ کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان گوادر کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف نے سی پیک منصوبہ میں پیش رفت کو سراہا ہے اور گوادر فری زون، سٹی ماسٹر پلان، ایسٹ بے ایکسپریس وے اور بندرگاہ کی ترقی کی تعریف کی۔

اجلاس میں دونوں اطراف سے گوادر منصوبہ کے ترقیاتی کاموں پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف نے گوادر میں سماجی شعبہ کی ترقی اور گوادر نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ، چائنہ پاکستان فرینڈشپ ہسپتال گوادر پر عملدرآمد پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں سی پیک کے تحت 9 خصوصی اقتصادی زونز پر کام کر رہی ہے اور یہ منصوبہ اگلے مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے۔ دونوں اطراف نے منصوبوں کی نشاندہی اور عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور مستقبل کے تعاون کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں