بہارہ کہو کے تاجروں کی مرکزی یونین کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ

بدھ 24 اپریل 2019 22:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) بہارہ کہو کے تاجروں کی مرکزی یونین کے وفد نے صدر ملک سجاد کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا۔ بدھ کو آئی سی سی آئی کے دورہ کے دوران وفد نے چیمبر کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کرایہ داری کا نیا قانون پاس نہ ہونے کی وجہ سے بہارہ کہو سمیت اسلام آباد کی دیگر مارکیٹوں کی تاجر برادری عدم تحفظ کا شکار ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل جلد پارلیمنٹ سے پاس کرا کے وفاقی دارالحکومت میں نافذ کیا جائے تا کہ تاجر برادری سکون و اطمینان کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے سکے۔ مرکزی انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ، بلیوایریا ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر یوسف راجپوت، جناح سپر کے صدر ملک ربنواز اور خالد چوہدری سمیت دیگر مارکیٹوں کے نمائندگان بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملک سجاد نے کہا کہ بہارہ کہو میں بائی پاس اور اوورہیڈ پل تعمیر کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے تاکہ ٹریفک کے مسائل کم ہوں اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو۔ انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ وہ مسائل کو جلد حل کرنے کی طرف توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ بہارہ کہو میں صفائی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس وجہ سے علاقہ گندگی کا شکار ہے جبکہ بہارہ کہو مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ اور پبلک باتھ رومز کی بھی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ بہارہ کہو میں صفائی کے انتظامات بہتر کریں اور فلٹریشن پلانٹ و پبلک باتھ رومز کی دستیابی یقینی بنائیں۔ انہوںنے کہا کہ بہارہ کہو مارکیٹ میں پارکنگ کی کوئی سہولت دستیاب نہیں ہے جس سے تاجروں سمیت گاہکوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے بارہ کہو میں ملٹی سٹوری پارکنگ پلازہ تعمیر کرے۔

انہوںنے کہا کہ اسلام آباد کی مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے بھی بارہ کہو کے تاجروں کو مسائل کا سامنا ہے، مقامی انتظامیہ مارکیٹ کمیٹی کو ہدایات جاری کرے کہ بہارہ کہو کے تاجروں کو غیر ضروری تنگ نہ کیا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بہارہ کہو کی مرکزی یونین مسائل حل کرانے کی کوششوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ بارہ کہومارکیٹ کا شمار اسلام آباد کی بڑی مارکیٹوں میں ہوتا ہے جہاں تاجروں کی کثیر تعداد کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہے لہذا انہوںنے سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے مطالبہ کیا کہ دونوں ادارے بارہ کہو سمیت اسلام آباد کی مارکیٹوں کی بہتر ترقی پر خصوصی توجہ دیں۔

انہوںنے کہا کہ گذشتہ حکومت اور موجودہ حکومت کے نمائندگان کی یقین دہانیوں کے باوجود قانون کرایہ داری کے ترمیمی بل کو ابھی تک پارلیمنٹ سے پاس نہیں کرایا جا سکا جس سے وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری مستقبل کے بارے میں عدم تحفظ کا شکار ہے۔انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوںنے بہارہ کہو کی مرکزی یونین کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان کے مسائل حل کو حل کرانے میں بھرپور تعاون کرے گا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار انور سیٹھی، اجمل بلوچ، یوسف راجپوت، ملک ربنواز، خالد چوہدری، ملک مرتضٰی، شاہ انور اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام سے بارہ کہو کی تاجر برادری کے مسائل کو حل کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں