رواں برس پاکستان ریلوے کی گاڑیوں کا منزل پر بروقت پہنچنے کی شرح 72 فیصد ہے

، ریلوے میں وقت کی پابندی یقینی بنائی جا رہی ہے، ریلوے میں ٹریکنگ سسٹم آزمائشی بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے، ٹریکنگ سسٹم کے مستقل ہونے پر اسے کنٹرول آفس سے منسلک کر دیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس میں ریلوے حکام کی محکمانہ کارکردگی پر کمیٹی کو بریفنگ

پیر 20 مئی 2019 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کااجلاس پیرکو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ چیئرمین کمیٹی محمدمعین وٹو نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میںوزارت ریلوے حکام نے محکمانہ کارکردگی پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ حکام نے کمیٹی کوبتایا کہ تین سال کے دوران ریلوے کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آ رہی ہے پاکستان ریلوے اپنے مقررہ اوقات کار میں منزل پر پہنچنے کا ہدف پورا کر رہی ہے، رواں برس پاکستان ریلوے کی گاڑیوں کا منزل پر بروقت پہنچنے کی شرح 72 فیصد ہے۔

حکام نے بتایا کہ ریلوے میں وقت کی پابندی یقینی بنائی جا رہی ہے، ریلوے میں ٹریکنگ سسٹم آزمائشی بنیادوں پر چلایا جا رہا ہے، ٹریکنگ سسٹم کے مستقل ہونے پر اسے کنٹرول آفس سے منسلک کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب سے ریل گاڑی کا مقام باآسانی چیک کیا جا سکے گا، ریلوے حکام نے اجلاس کے دوران کمیٹی کو غلط اعدادوشمار پیش کرنے پر معذرت کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس کی چھان بین کریں گے کہ کس نے غلط اعداد و شمار تیار کئے۔

چیئرمین کمیٹی نے سوال کیاکہ جب ریلوے زمینوں پر تجاوزات ہو رہی ہوتی ہیں آپ کیا کرتے ہیں آئی جی ریلوے واجد ضیاء نے کہاکہ جیسے ہی تجاوزات کی اطلاع ملے کارروائی کرتے ہیں، اگر آپریشن میں مزاحمت کا خدشہ ہو تو مقامی انتظامیہ کی مدد بھی لیتے ہیں،تجاوزات کرنے والوں کے خلاف پرچے بھی درج کراتے ہیں۔اجلاس میں کمیٹی ممبران سمیت آئی جی ریلوے واجد ضیا اور وزارت ریلوے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں