سی ڈی اے نے راول ڈیم کے پانی کو آلودگی سے محفوظ کرنے کی غرض سے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے پانچ ایکٹر رقبہ ایم سی آئی کے حوالہ کر دیا

منگل 23 جولائی 2019 20:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی ای) نے راول ڈیم میں آنے والے پانی کو آلودگی سے محفوظ کرنے کیلئے میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے پانچ ایکٹر رقبہ ایم سی آئی کے حوالہ کر دیا ہے جبکہ ڈیم میں آنے والے پانی کی گزرگا ہوں پر ویٹ لینڈ بنانے کیلئے تین جگہیں مختص کرکے ایم سی آئی کے حوالہ کر دی گئی ہیں۔

ایم سی آئی کو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے اور ڈیم میں آنے والے پا نی کی گزرگاہوں پر ویٹ لینڈ بنانے سے راول ڈیم میں برساتی نالوں سے آنے والے پانی کو صاف کیا جا سکے گا۔ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے پانچ ایکٹر رقبہ کورنگ پل کے قریب دیا گیا ہے تاکہ نا لہ کورنگ سے آنے والے پانی کو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ پر ٹریٹ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

برساتی نالوں سے آنے والے پانی کی گزرگاہوں پر ویٹ لینڈکی تعمیر کیلئے جو تین جگہیں ایم سی آئی کو دی گئی ہیں وہ مسلم کالونی، نورپور شاہاں اور موضع لکھوال میں ہیں۔

ویٹ لینڈ کی تعمیر سے ان علا قوں سے راول ڈیم میں آنے والے پانی کو قدرتی طریقہ اپناتے ہوئے پودوں، مٹی اور دیگر چیزوں سے گزار کر ڈیم میں جانے دیا جائے گا اور اس ٹیکنالوجی کے باعث ڈیم میں جانے والا پانی آلودگی سے صاف ہو گا۔ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب اور ویٹ لینڈ کی تعمیر سے نہ صرف راول جھیل میں تیزی سے ہونے والی آلوگی میں کمی آئے گی بلکہ اس ڈیم سے سپلائی کئے جانے والے پانی کی کوالٹی کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی اور شہریوں کو زیادہ صاف پانی کی سپلائی ممکن ہو سکے گی۔ سی ڈی اے کی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اسلام آباد کے ماحول کی بہتری کیلئے اسی طرح دیگر اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں