اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی اے آر سی کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی

جمعہ 23 اگست 2019 17:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سیکرٹری ٹو صدر پاکستان،سیکرٹری وزارت صحت،سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو14 روز میں پیراوائز کمنٹس اور رپورٹ جمع کرانے کا حکم جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے وفاقی حکومت سے سوال کیا کہ ابھی تک پی اے آر سی آرڈیننس کے مطابق تعیناتی کیوں نہیں ہوئی ۔ عدالت نے چیئرمین کی تقرری کے حوالے سے حکم امتناع کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کر دیئے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 14 مئی کو ایڈیشنل سیکرٹری وزارت صحت محمد ایوب کوچئیرمین پی اے آر سی کا چارج دیا گیا، یہ تعیناتی پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل آرڈیننس 1981 کی خلاف ورزی ہے، مئی 2019 سے مستقل چیئرمین کی تعیناتی نہیں کی گئی، قائم مقام چیئرمین ایوب چوہدری کی ایگریکلچر سے متعلق نہ تعلیم ہے اور نہ ہی تجربہ ہے ۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں