آئی سی آر سی کورونا وباء کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتِ حال میںمعذور افراد کے لیے ذاتی حفاظت کی ضروریات، حفظانِ صحت کی اشیاء، مالی امداد اور مصدقہ اطلاعات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے

منگل 2 جون 2020 22:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2020ء) انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی)کورونا وباء کے نتیجے میں پیدا ہونے والی موجودہ صورتِ حال میںمعذور افراد کے لیے ذاتی حفاظت کی ضروریات، حفظانِ صحت کی اشیاء، مالی امداد اور مصدقہ اطلاعات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے۔ یہ تمام ضروریات اور اشیاء پاکستان بھر میں قائم جسمانی بحالی کے اٴْن بیس مراکز کو فراہم کی جارہی ہیں جو آئی سی آرسی کے تعاون سے چل رہے ہیں۔

موجودہ وبا کے دوران نقل وحمل پر پابندی کی وجہ سے ضروریاتِ زندگی تک رسائی کے حوالے سے جو چلینجز سامنے آئے ہیں اس میں جسمانی طور پر معذور افراد نسبتا زیادہ ضرورت مند طبقے کے طور پر سامنے آئے ہیں۔معذور افراد کی دیکھ بھال کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور ڈیوٹی پر مامور عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے آئی سی آر سی 10 ہزار سرجیکل ماسک، 5 سو گاون، 20 ہزار تشخیصی دستانے، 3 سو لیٹر جراثیم کش محلول، 2 ہزار 6 سو نہانے والے صابن اور 26 سو ٹوائلٹ پیپر جسمانی بحالی کے مراکز کو فراہم کررہی ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی آر سی کے تعاون سے چلنے والے جسمانی بحالی کے متعدد مراکز وبا کے دنوں میں حفاظتی اقدمات کو اپناتے ہوئے معذور افراد کی دیکھ بھال کے لیے بلا معاوضہ خدمات کی پیشکش کررہے ہیں۔ معذور افراد کے لیے دیکھ بھال کی ضروریات کی فراہمی اور معلومات تک رسائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے چل فاونڈیشن کے ڈاکٹر بخت سرور نے کہاکہ یہ بات بہت ممکن ہے کہ صحت کے نظام میں دراڑیں پڑنے سے معذور افراد بے آسرا ہوجائیں۔

ہماری پوری کوشش ہے کہ معذور افراد کی ضروریات پوری کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور اٴْن احتیاطی تدابیر کے حوالے سے معذور افراد کی رہنمائی کی جائے جو ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں مدد دے سکتی ہیں۔ شمولیت اور جامعیت کو یقینی بنانے کے لیے آئی سی آرسی 3 ہزار 4 سو مستحق معذور افراد کو مالی معاونت بھی فراہم کررہی ہے۔ مزید برآں، ملتان ڈی پی او اور ایس ایس پی کے تعاون کے ساتھ وہیل چئیر استعمال کرنے والے 5 سو افراد کو حفظانِ صحت اور خوراک کے پیکج بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔

آئی سی آرسی کے شعبہ برائے جسمانی بحالی کے نگران جوزف نیگلز نے کہا، ہم سن 1984 سے ان افراد کو جسمانی بحالی کی خدمات مہیا کررہے ہیں جو اپنے جسمانی اعضا سے محروم ہوچکے ہیں۔ موجودہ صورت حال ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ ہم ان افراد کے ساتھ یکجہتی اور شفقت و محبت والا رویہ رکھیں اور ان کی سماجی شمولیت کی فکر کریں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنے مقامی شرکائے کار اور حکام کی شراکت کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھی ہوئی ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ضروریات کے حوالے سے معذور افراد کی آواز کو سنا جارہا ہے۔

آئی سی آر سی جسمانی بحالی کے پروگرام کے دٴْور رس استحکام کے لیے مقامی اداروں کی شراکت ومعاونت سے کام کرتی ہے۔ کوویڈ 19 کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال میں آئی سی آرسی فوجی فاونڈیشن اے ایل سی، پیپوز ری ہیبیلیٹیشن سروس پروگرام، چل فاونڈیشن، ڈی جی ایچ ایس، ری ہیب انیشیٹیو، ایل آر ایچ کلب فوٹ کلینک اور پیرا پلیجک سینٹر کے ساتھ مل کر خدمات فراہم کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں