فرانس سے سفارتی و اقتصادی تعلقات کے خاتمے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر پٹیشنز سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی شہداء فائونڈیشن آف پاکستان اور سلمان شاہد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر دو الگ الگ پٹیشن کی سماعت کل کریں گے عدالت وفاقی حکومت کو فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے اور اس کی مصنوعات کو پاکستان میں درآمد کرنے پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے،پٹیشنز میں استدعا

منگل 27 اکتوبر 2020 19:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) فرانس میں سرکاری سطح پر حضور ﷺ کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانس سے سفارتی و اقتصادی تعلقات کے خاتمے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر پٹیشنز سماعت کے لئے مقرر کر دی گئیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے فاضل جسٹس محسن اختر کیانی کل(بدھ کو)شہداء فائونڈیشن آف پاکستان اور سلمان شاہد ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر پٹیشنز کی سماعت کریں گے۔

مذکورہ دونوں پٹیشنز میں وفاق پاکستان کو بذریعہ وفاقی سیکریٹری خارجہ،وزیراعظم کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری اور وفاقی سیکریٹری داخلہ کو فریق بناتے ہوئے یہ استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ فرانس میں سرکاری سطح پر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے ردعمل میں وفاقی حکومت کو فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے،فرانس کی مصنوعات کو پاکستان میں درآمد کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے سرکاری سطح پر فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے اور عالمی سطح پر حضور ﷺ کی گستاخی کو جرم قرار دلوانے اور اس کی کم سے کم سزاء عمر قید کے لئے قانون سازی کرنے کے متعلق اقدامات کرنے کا حکم دے۔

(جاری ہے)

مذکورہ پٹیشنز میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تاریخ میں پہلی دفعہ ایسا ہوا ہے کہ فرانسیسی حکومت نے سرکاری سطح پر حضور ﷺ کے گستاخانہ خاکے شائع کئے ،فرانسیسی حکومت کے اس انتہائی بہیمانہ،شرانگیز اور گستاخانہ حرکت سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات شدید مجروح ہوئے،فرانسیسی حکومت کے اس گستاخانہ اقدام پر حکومت پاکستان مئوثر ردعمل دینے سے گریز کررہی ہے،وفاقی حکومت کی جانب سے فرانسیسی حکومت کے گستاخانہ اقدام کے خلاف مئوثر اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے عوام میں شدید اشتعال پیداء ہو رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں