قومی اسمبلی ،چھٹے روز بھی حکومت کورم پورا نہ کرسکی

267میں سے 217پائلٹس کی ڈگریاں درست نکلیں 50کی جعلی نکلیں ، سینٹ میں وقفہ سوالات غلام سرور خان نے رواں سال میں برطانیہ اور یورپی یونین کے لئے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہونے کی خوشخبری سنا دی

پیر 27 ستمبر 2021 23:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) قومی اسمبلی میںچھٹے روز بھی حکومت کورم پورا نہ کرسکی،اجلاس کی مختصر کارروائی کے دور ان بتایاگیا ہے کہ 267میں سے 217پائلٹس کی ڈگریاں درست نکلیں 50کی جعلی نکلیں وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے رواں سال میں برطانیہ اور یورپی یونین کیلئے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہونے کی خوشخبری سنا دی ۔

پیر کو قومی اسمبلی اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا تو وقفہ سوالات کے دوران پی پی پی کی رکن شازیہ صوبیہ اسلم کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سرور خان نے کہا کہ یورپی یونین اور برطانیہ کے تمام خدشات دور کر دئیے ہیں، یورپی یونین نے ٹیم بھیج کر آڈٹ کرانے کا کہا ہے ،یورپی یونین کی ٹیم 15 نومبر کو آ رہی ہے ،پندرہ نومبر سے 29 نومبر تک ٹیم آڈٹ کریگی، رواں سال پی آئی اے کا آپریشن بحال ہو جائیگا۔

(جاری ہے)

وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر غلام سرور خان نے پائلٹس کی جعلی ڈگریوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں قومی اسمبلی کو بتایا کہ پی آئی اے سے ان لوگوں کو نوکریوں سے نکالا ہے جن کی ڈگریاں جعلی تھیں، سپریم کورٹ کے حکم پر ان ملازمین کو نوکریوں سے نکالا گیا ہے مسلم لیگ (ن ) کے جاوید حسنین نے پوچھا کہ کتنے پائلٹ جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہوئی وفاقی وزیر غلام سرور خان نے بتایا 267 پائلٹس کی ڈگریوں پر سوالات تھے جن میں سے 50 کی ڈگریاں جعلی نکلی تھیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران شازیہ مری نے چیئرمین پی آئی اے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود ہی اپنی تنخواہ دوگنا بڑھا لی مگر چھوٹے ملازمین کی تنخواہ نہیں بڑھائی اس پر وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ تنخواہ بڑھنے کا ایک سرکاری طریقہ کار ہے اسی پر عمل کیا جارہا ہے اسمبلی اجلاس کے دوران نماز مغرب کا وقفہ کیا گیا جب دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو پی پی پی کے رکن احسان الرحمن مزاری نے کورم کی نشاندہی کردی جو پورا نہ نکلا تو اجلاس منگل کو چار بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں