سی ڈی اے کا تجاوزات کے خلاف آپریشن ،متعدد غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا

جمعرات 19 مئی 2022 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) سی ڈی اے نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتےمتعدد غیر قانونی تعمیرات مسمار کرد یں ۔ کپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) شعبہ انفورسمنٹ نے جمعرات کو اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے متعدد کارروائیاں کیں۔

جسمیں متعدد غیر قانونی تعمیرات بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردی گئیں۔ ان کارروائیوں کا آغاز اسلام آباد کے سیکٹر E-12/3 میں موضع بھیکڑ سے کیا گیا۔ جہاں شعبہ انفورسمنٹ نے قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں سرکاری اراضی پر بنائے گئے 70 سے زائد خیمیوں کو ہٹا دیا گیا۔ اسی طرح سیکٹر G-8/1 میں ہنسا کالونی میں بھی ایک غیر قانونی کھوکھے کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔

(جاری ہے)

مزیدبرآں سیکٹر C-12 میں سرکاری اراضی پر تعمیر کئے گئے 6 غیر قانونی کمروں سمیت 1 چار دیواری کو بھی شعبہ انفورسمنٹ نے بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا اور سرکاری اراضی واگزار کرالی۔ اسلام آباد کے علاقے راول ٹاؤن میں موضع موہریاں میں سرکاری اراضی پر قبضہ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک غیر قانونی چار دیواری اور کھوکھے کو بھی بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔

اسی طرح اسلام آباد کے نواحی علاقے جی ٹی روڈ نزد سرائے خربوزہ پر سرکاری اراضی پر قائم کی گئی غیر قانونی چار دیواری کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا اور سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا۔اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنا ہے۔واضح رہے گزشتہ کئی ماہ سے کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں کرنے میں مصروف ہے جسکے نتیجے میں اربوں روپے کی سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں