چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بلوچستان کے کاشتکاروں و کسانوں کے وفد کی ملاقات

منگل 24 مئی 2022 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بلوچستان کے کاشتکاروں و کسانوں کے وفد نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔رکن قومی اسمبلی نوابزادہ خالد مگسی بھی ملاقات میں موجود تھے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانا اور زرعی پیداوار کو بڑھانا انتہائی اہمیت اختیا کر گیا ہے۔

زراعت کے شعبے میں مروجہ روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا تاکہ پانی کی بچت ہو سکے،ماحول دوست اقدامات کے ذریعے پائیدار پیدواری صلاحیت حاصل کی جا سکتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پانی کے ذخائر میں دن بددن کمی ہو رہی ہے ہمیں اپنے آبپاشی طریقہ کار کو تبدیل کرنا ہوگا اور آبپاشی کے جدید طریقوں پر انحصار سے پانی کم سے کم استعمال کر کے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ بلوچستان میں ٹیوب ویلوں کی بھر مار نے زیر زمین پانی کے ذخائر پر منفی اثرات ڈالے ہیں، ٹیوب ویلوں کی بجائے چھوٹے ڈیموں کی تعمیر اور پانی کے ذخائر بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں زرعی شعبہ پانی کی قلت کی باعث متاثر ہوا ہے اوراس حوالے سے عوام، کاشتکاروں اور کسانوں میں شعور اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

حکومت صوبہ بلوچستان کے پانی کے مسئلے کے حل کیلئے مختلف منصوبوں کا آغاز کر چکی ہے۔پانی کا منصفانہ استعمال ہم سب کی سماجی ذمہ داری ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پانی کی قلت کے باعث صوبہ بلوچستان میں باغات خشک ہو رہے ہیں۔ زراعت، لائیو سٹاک کے شعبے میں نجی سطح پر شراکت دار ی کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ بلوچستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار بنانے کی ضرورت ہے۔ وفد نے چیئرمین سینیٹ کو بلوچستان میں زرعی شعبے کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ان مسائل کے حل کیلئے یقینی دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں