وزارت خارجہ کا افریقہ ڈے کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کے تعاون سے ورچوئل تقریب کا اہتمام

جمعرات 26 مئی 2022 00:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2022ء) پاکستان نے افریقی یونین کی 59 ویں سالگرہ کے موقع پرافریقی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ دن افریقی قوموں کی استعماریت اور نسل پرستی کے خلاف بہادرانہ جدوجہد کے ساتھ ساتھ ان کی تہذیب کی دولت اور نوآبادیاتی حکمرانی سے نجات حاصل کرنے کے بعد کی جانے والی زبردست پیش رفت کا جشن ہے۔

وزارت خارجہ نے افریقہ ڈے کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آبادکے تعاون سے ایک ورچوئل تقریب کا اہتمام کیا۔ افریقی یونین کمیشن اور تین علاقائی اقتصادی کمیونٹیز یعنی مشرقی افریقہ کی کمیونٹی، مغربی افریقی ریاستوں کی اقتصادی برادری اور بین الحکومتی اتھارٹی برائے ترقی کی نمائندگی کے ساتھ 35 افریقی ممالک کے 5 سو سے زیادہ شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے خطاب سے ہوا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں افریقی ممالک کی آزادی کی تحریکوں میں سیاسی اور سفارتی حمایت پر فخر ہے۔ انہوں نے افریقہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں پاکستان کے تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ براعظم افریقہ تک سفارتی رسائی کی بحالی پاکستان کے ”اینگیج افریقہ“ اقدام کا ایک اہم ستون ہے۔

سیکرٹری جنرل ایسٹ افریقہ کمیونٹی ڈاکٹر پیٹر میتھوکی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے پاکستان اور افریقہ کے درمیان دوستی کے تاریخی تعلق کا ذکر کیا۔ انہوں نے کئی دہائیوں کے دوران افریقی ممالک کے لیے پاکستان کی سفارتی اور اقتصادی مدد کو سراہتے ہوئے افریقہ میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کا خاص طور پر ذکرکیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پاکستان کی مسلح افواج کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی اور انسداد دہشت گردی کے تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ 1960 سے افریقہ میں اقوام متحدہ کے 46 امن مشنز میں پاکستان کی شرکت براعظم کے امن و استحکام کے لیے اس کی حمایت کا مظہر ہے۔ بیان کے مطابق دنیا یوم افریقہ 2022 منارہی ہے، پاکستان امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے افریقی اقوام کی امنگوں اور کوششوں کے لیے اپنی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں