پاکستان ملک میں مقیم غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا بیان

جمعہ 19 اپریل 2024 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے علاقے لانڈھی میں جمعہ کو ایک دہشت گردانہ حملے میں دو پاکستانی شہری ہلاک ہوگئے، حملے کے دوران پانچ جاپانی شہری محفوظ رہے۔ بیان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیاہے کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے اس گھنائونے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کی گھنائونی کارروائیاں دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ملک میں مقیم غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر سے لڑنے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں