صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر کی ملاقات

جمعرات 2 مئی 2024 18:57

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران پنجاب اور ایران کے مابین زراعت، لائیو سٹاک، سولر انرجی، زرعی آلات اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی اور تجارتی وفود کے باہمی تبادلوں پر اتفاق کیاگیا۔ایرانی قونصل جنرل نے چوہدری شافع حسین کو وزارت صنعت و تجارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباددی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب اور ایران کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔گیس پائپ لائن منصوبہ وقت کی ضرورت اور اہمیت کا حامل ہے،ایسے معاہدوں اور اقدامات کی ضرورت ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں سولر پینلزبنانے کے کارخانے لگیں۔

ایران میں سولر پینلز بن رہے ہیں اس لئے سولر پینلز کی مینو فیکچرنگ میں تعاون بڑھایا جاسکتا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے اور سرمایہ کاری کے حوالے سے سازگار ماحول بھی موجود ہے، انہوں نے کہا کہ دورہ ایران کے دوران جدید انفراسٹرکچر دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوستی کا مضبوط رشتہ موجود ہے، ایرانی صدر کیدورے کے دوران باہمی تعاون کے 3معاہدے اور 5 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، ایرانی صدر کے دورے سے تعلقات کے نئے باب کا اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کی کابینہ متحرک اور کام کرنے کا جذبہ رکھتی ہے۔

ایرانی قونصل جنرل کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پنجاب حکومت کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہیں۔ملاقات میں سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن،ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری اعجاز احمد اور بزنس کمیونٹی کے نمائندے اسدوڑائچ، نعمان شیخ، فیصل وڑائچ، ظہیر عباس اور دیگر بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں