ریسکو ون فائیو پر ہونے والی کال پر مقدمہ درج کرنے کا طریقہ کار وضع کر رہےہیں ، اوپن ڈور پالیسی متعارف کرادی ہے، انسپکٹر جنرل آف اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کی صحافتی تنظیموں کے نمائندہ وفد سے گفتگو

منگل 23 اپریل 2024 22:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل آف اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ ریسکو ون فائیو پر ہونے والی کال پر مقدمہ درج کرنے کا طریقہ کار وضع کر رہےہیں ، اوپن ڈور پالیسی متعارف کرادی ہے، سائلین کی بات سن کر مسائل حل کروں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو صحافتی تنظیموں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ میرا تعلق بھی شعبہ صحافت سے رہا ہے، گورنمنٹ کالج میں دوران تعلیم میں بھی ایک انگریزی روزنامہ میں بطور رپورٹر کام کرتا رہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد چار سال تک گورنمنٹ کالج لاہور میں بطور لیکچرار اپنی خدمات سرانجام دیں، اسی دوران ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد اپنے آبائی علاقے میں الیکشن میں حصہ لینے کے لئے گیا تو والد صاحب نے سی ایس ایس کا امتحان دینے کا حکم دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سی ایس ایس کے امتحان میں ملک بھر میں پہلے نمبر پر آنے کے بعد بطور اے ایس پی پولیس سروس جوائن کی ۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج اور ایف سی کالج میں بطور وزٹنگ پروفیسر کے طور پر اب بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہوں، اس کے ساتھ ساتھ سی ایس ایس کرنے والے طالب علموں کی رہنمائی کرتا ہوں، میرے 179طالب علم اب تک سی ایس ایس کا امتحان پاس کر چکے ہیں ۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس سروس جوائن کرنے کے بعد دو گھنٹے سے زیادہ نیند نہیں آتی، ڈاکٹرزسے چیک کرانے کے بعد علم ہوا کہ یہ بیماری نہیں بلکہ فرض شناسی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس یونیفارم پہننا پسندیدہ مشغلہ ہے ۔آئی جی نے بتایا کہ اللہ کے خاص فضل سے 22سال میں کبھی بھی نماز تہجدنہیں چھوٹی۔مجھے کلب یا سوئمنگ کا کوئی شوق نہیں ہے ۔

سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ جو بھی واقعہ ہو ون فائیو پر فوری کال کریں، ون فائیو کال پر فوری مقدمہ درج کرنے کا طریقہ کار وضع کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا میں نے اوپن ڈور پالیسی متعارف کروا دی ہے جو بھی سائل میرے دفتر آئے گا اسے فوری انصاف مہیا کیا جائے گا۔آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جو میری ذمہ داری ہوگی اسے احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کروں گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں