''تنازعہ کشمیر کے حل میں سفارتکاری کا کردار''کے موضوع پر سیمینارکا انعقاد

بدھ 24 اپریل 2024 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) کثیر الجہتی اور پرامن سفارتکاری کے عالمی دن کے موقع پر اتحاد اسلامی جموں وکشمیر اور فرینڈ ز آف کشمیر انٹرنیشنل کے زیر اہتمام کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ایک سیمینار منعقد کیاگیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق''تنازعہ کشمیر کے حل میں سفارتکاری کا کردار''کے موضوع پر سیمینار میں ارکان پارلیمنٹ ، سفارتکاروں اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین نے شرکت کی ۔

مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر ایک جامع کتاب کی مانند ہے جس کے باب پورے مسئلے کے ہر پہلو کا احاطہ کرتے ہیں ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو صحیح معنوں میں سمجھنے کی ضرورت پرزوردیا۔مقررین نے کشمیری سیاسی نظربندوں کی مسلسل نظربندی کے مسئلے کاسفارتی ذرائع کے ذریعے حل تلاش کرنے پر زوردیاکیونکہ ان لوگوں کو اختلاف رائے رکھنے پر قید کیا گیا ہے اور وہ مجرم نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری حریت رہنمائوں بشمول مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی ،ڈاکٹر محمد قاسم فکتو اور دیگر کوبین الاقوامی سطح پر بھارت کی طرف سے پھیلائے جانیوالے بے بنیاد پروپیگنڈہ کی بجائے کشمیری آزادی پسند رہنمائوں کے طورپر دیکھاجانا چاہیے ۔مقررین نے حکومت پاکستان پر بھی زوردیاکہ وہ اقوام متحدہ میں نمائندگی رکھنے والے چھوٹے ممالک میں مسئلہ کشمیر اوراس کی حل کی اہمیت سے بخوبی آگاہ سفارتکاروں کو تعینات کرے تاکہ وہ ان ممالک میں تنازعہ کشمیر سے متعلق حقائق کو اجاگر کریں ۔

مقررین میں پاکستانی سفیر نفیس زکریااورعبدالباسط ، بابرامین اور ضمیر اعوان ،پاکستان میں فلسطین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن نادر الترک ، سینیٹر مشتاق احمد،انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں چائنا پاکستان سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر طلعت شبیر، صدر کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر مجاہد گیلانی،وائس چیئرمین فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل عبدالحمید لون،اتحاد اسلامی جموں وکشمیر کے سید منظوراحمد شاہ ، صدر یوتھ کونسل پاکستان شہزاد خان شامل تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں