تیسری 3 روزہ پاک۔کرغزستان سرمایہ کاری کانفرنس آئندہ ماہ لاہور میں منعقد ہو گی، مہر کاشف یونس

اتوار 28 اپریل 2024 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) کرغزستان کے اعزازی قونصل مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ تیسری 3 روزہ پاک۔کرغزستان سرمایہ کاری کانفرنس آئندہ ماہ لاہور میں منعقد ہو گی اور یہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔ اتوار کو کرغزستان ٹریڈ ہاوس میں کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے حوالہ سے جائزہ اجلاس کے دوران ،انہوں نے کہا کہ کانفرنس بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کی مظہر ہے۔

میزبان شہر لاہور ایک متحرک اقتصادی و ثقافتی مرکز ہے اور بہترین کاروباری ماحول کی وجہ سے بزنس کمیونٹی، سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کے درمیان دیرپا روابط کے قیام کے مثالی پس منظر کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے کانفرنس کے دن قریب آرہے ہیں نئے آئیڈیاز اور ایکشن پلان کے حوالے سے جوش و خروش بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے نہ صرف دو طرفہ اقتصادی تعلقات مستحکم ہوں گے بلکہ خطے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کی راہ بھی ہموار ہو گی۔

دونوں ممالک مشترکہ کوششوں اور وژن کے ذریعے نئے مواقع اور خوشحال مستقبل کی نئی راہیں تلاش کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔ مہر کاشف یونس نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) میں جدت اور مختلف شعبوں میں پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنے پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی کے عالمی منظر نامے کی وجہ سے پاکستان اور کرغزستان دونوں اپنی معیشتوں کے فروغ کے لیے آئی ٹی کے استعمال کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔

کانفرنس کا مقصد اس شعبے میں شراکت داری کے ذریعے معلومات کے تبادلے کو سہل بنانا اور سرمایہ کاری و انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس جدید صنعتوں کی ضرورت کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری میں اعلی ٹیکنیکل ایجوکیشن کی اہمیت کو اجاگر کرے گی۔ سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ میں تعلیم کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے اسٹیک ہولڈرز اس شعبے میں تعاون بڑھانیکے لیے حکمت عملی پر غور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو انڈسٹری کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کانفرنس نوجوانوں کو مطلوبہ مہارتوں اور علم سے آراستہ کرنے کی راہیں تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی تاکہ فروغ پذیر مسابقتی عالمی منڈی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں