خواتین کو با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے حقوق کا تحفظ بھی ضروری ہے، سپیکر قومی اسمبلی

پیر 13 مئی 2024 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے حقوق کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت کیا جب خواتین کو مرکزی دھارے میں لانے کے حوالے سے دونوں ایوانوں کے ممبران پر مشتمل سپیشل کمیٹی کے قیام کی تحریک ایوان نے منظور کی ۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےکہا کہ اس کمیٹی کا قیام نہایت اہمیت کا حامل اور وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ خصوصی کمیٹی کی سفارشات پر خواتین کے تحفظ اور ان کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے موثر قانون سازی عمل میں لائی جائے گی۔سپیکر نے کہا کہ کسی کو بھی خواتین کی تذلیل یا ان کے حقوق کو سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے لاہور شہر میں خاتون ایس ایس پی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ سپیکر نے کہا کہ خواتین کو نہ صرف با اختیار بنانا ہے بلکہ ان کے حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے، خواتین کو مرکزی دھارے میں لا کر ہی ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ سپیکر نے کمیٹی کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں موثر قانون سازی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں