بجٹ میں ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے کسی صورت نئے ٹیکس قبول نہیں کریں گے، اسد قیصر

ہفتہ 25 مئی 2024 21:24

بجٹ میں ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے کسی صورت نئے ٹیکس قبول نہیں کریں گے، اسد قیصر
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ بجٹ میں ان کا بھرپور مقابلہ کریں گے کسی صورت نئے ٹیکس قبول نہیں کریں گے۔ایک بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے مرکزی دفتر میں تھوڑ پھوڑ کی گئی، تجاوزات کے نام پر جھوٹ بولا گیا، میڈیا پر حکومتی وزرا آکر لب کشائی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی لیڈرشپ اور ورکرز کو قید رکھا جا رہا ہے، آپ پی ٹی آئی کے خلاف جتنے کیس کر رہے ہیں وہ الٹا آپ کے گلے پڑ رہے ہیں، ایسے حربوں سے نہ ڈریں گے، نہ پیچھے ہٹیں گے۔اسد قیصر نے بتایا کہ آپ بجلی کی لوڈشیڈنگ پر توجہ دیں، 12 سے 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، لوگ گرمی، بے روزگاری اور ناکام معاشی پالیسی کی وجہ سے بلبلا رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں گندم اسکینڈل ہوا ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہوا، ملک میں امن و امان کی صورت حال خراب ہے، خیبرپختونخوا کی حکومت کو آپ دیوار سے لگا رہے ہیں۔آئی ایم ایف پروگرام میں نئے ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، حکومت خود ملک کو عدم استحکام کی طرف لے کر جا رہی ہے، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت پورے ملک میں جلسوں کا شیڈول دیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں