پینے کے صاف پانی کی دستیابی صرف ایک ترقیاتی ہدف نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

بدھ 20 اگست 2025 21:38

پینے کے صاف پانی کی دستیابی صرف ایک ترقیاتی ہدف نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پینے کے صاف پانی کی دستیابی صرف ایک ترقیاتی ہدف نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور یہ اقدام عوام کو پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے بھی نہایت ضروری ہے۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے حطار میں مری سپارکلٹس آر او پلانٹ اور واٹر لائن یونٹ-2 کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں سینیٹرز، رکن قومی اسمبلی اسفندیار بھنڈارا، مری سپارکلٹس کی انتظامیہ اور معزز مہمانان گرامی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مری سپارکلٹس کی انتظامیہ اور منصوبے کی تکمیل میں شریک تمام افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کو ایک بنیادی ضرورت، یعنی صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اس اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کے تحت عوامی نمائندگان، نجی شعبہ اور مقامی کمیونٹیز ایک بڑے مقصد کے لئے یکجا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی دستیابی صرف ایک ترقیاتی ہدف نہیں بلکہ ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور یہ اقدام عوام کو پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے بھی نہایت ضروری ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ پسماندہ اور دور دراز علاقے خصوصی توجہ اور زیادہ امداد کے مستحق ہیں تاکہ وہاں کے عوام بھی اس بنیادی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان بطور ایوان وفاق ہر اس کوشش کی مکمل حمایت کرتا ہے جو عوامی فلاح و بہبود کو مقدم رکھتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے نجی شعبے کو ملک کی ترقی کیلئے اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے سے ہزاروں لوگ وابستہ ہیں اور اس براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے بے شمار وسائل سے نوازا ہے اور ان کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، آر او پلانٹ جیسے منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لئے صحت مند اور محفوظ مستقبل دینے کے لئے سنجیدہ اور پرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صاف پانی کی فراہمی دراصل عوام کی صحت، تعلیم اور معیشت پر ایک سرمایہ کاری ہے اور یہ اقدام شہریوں کے وقار اور ان کی امیدوں کو بھی تقویت دیتا ہے۔اسفندیار بھنڈارا نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پلانٹ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق پیداوار کی صلاحیت رکھتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے آخر میں مری سپارکلٹس آر او پلانٹ کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایسے منصوبے اجتماعی ترقی اور عوامی فلاح کے ضامن ہیں۔

سینیٹر طلحہ محمود اور سینیٹر رانا محمود الحسن بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔چیئرمین سینیٹ نے اے سی ایم گروپ آف انڈسٹریز کا بھی دورہ کیا۔دورے کے دوران انہیں اے سی اہم گروپ آف انڈسٹریز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے ادارے کے سربراہ سینیٹر محمد طلحہ محمود اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور فیکٹری کے لان میں پودہ بھی لگایا۔

چیئرمین سینیٹ نے اے سی ایم گروپ آف انڈسٹریز کے یونٹ کے دورے کے موقع پر کہا کہ پلانٹ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قابل تعریف ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانے اور صارفین تک ایک معیاری پراڈکٹ پہنچانے کے حوالے سے کاوشوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر چیئرمین سینٹ کو بتایا گیا کہ یہ گروپ ایکسپورٹس کے حوالے اس وقت سب سے آگے ہے اور عالمی سطح پر معیاری پروڈکٹس فراہم کر رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے صنعتی شعبے کو ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ اس شعبے کی مزید حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں