قومی جوڈو چمپئن شپ 30اپریل سے اسلام آباد میں شروع ہو گی

جمعہ 26 اپریل 2019 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) پاکستان جوڈو فیڈریشن کے زیراہتمام 26 ویں مینز اینڈ 9 ویں وویمنز قومی جوڈو چمپئن شپ 30اپریل سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہو گی ،پاکستان آرمی ایونٹس میں ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔پاکستان جوڈو فیڈریشن کے چیئرمین کرنل (ر ) شجاعت علی رانا نے بتایا کہ چمپئن شپ کی تیاریاں زور شور پر ہیں جس میں ملک بھر سے 15 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

جس میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا ،پاکستان ریلوے ،پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان نیوی، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد،فاٹا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ڈی ایچ اے کی ٹیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ انٹرنیشنل رولز کے مطابق مینز اینڈ وویمنز ٹیم ایونٹس کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پہلے صرف انفرادی مقابلے منعقد کئے جاتے تھے۔ایونٹس کے انفرادی مردوں کے مقابلوں میں -50کلو گرام ‘-55 ‘ -60 ‘ -66‘ -73‘ -81‘ -90‘ -100 ‘ پلس 100 اور اوپن کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ خواتین ایونٹس میں -40‘ -44 ‘-48‘ -52 ‘ -57‘ -63 ‘ -70 اور اوپن کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے جبکہ ٹیم ایونٹ گرلز کے مقابلوں میں -52 ‘ -57‘ -63‘ -70 اور پلس کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ لڑکوں کے ٹیم ایونٹ میں -66‘ -73‘ -81‘ -90 اور پلس 90 کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ اس ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نیپال میں رواں سال دسمبر میں ہونے والے سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے لئے تربیتی کیمپ کے لئے شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ چمپئن شپ 4 مئی تک جاری رہے گی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں