امریکہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے استقبالیہ

امریکی سفیر کا امریکہ میں منعقد ہونے والی ٹی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

منگل 30 اپریل 2024 22:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024 کے آغاز سے قبل اور پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم سے اظہارِ یکجہتی کیلئے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کھلاڑیوں سے گزشتہ روز سفارتخانہ میں ایک تقریب میں ملاقات کی اور ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل اٴْن کی حوصلہ افزائی کی۔

امریکی سفیر کی رہائشگاہ پر منعقد ہونے والے اس استقبالیہ میں سفیر بلوم نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کو بھی خوش آمدید کہا اور امریکہ میں منعقد ہونے والی ٹی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر اسپورٹس ڈپلومیسی کا باہمی مظاہر ہ کرتے ہوئے سفیر بلوم نے پاکستان ٹیم کے ارکان کو سفارتخانہ کی یادگاری کرکٹ بال اور دستخط شدہ سافٹ بال بیٹ پیش کیا جبکہ پاکستانی ٹیم نے بھی اٴْسی خیر سگالی کے جذبہ کے تحت سفیربلوم کو پاکستان کی سرکاری کرکٹ شرٹ اورٹیم کا دستخط شدہ بلّا پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سفیر ڈونلڈ بلوم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہلکی پھلکی کرکٹ بھی کھیلی۔واضح رہے کہ رواں سال جون میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرتے ہوئے امریکہ ایک تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے۔ کھیل کا جوش دوبالا کرنے کے حوالے سے یہ خبر یقیناً دلچسپی سے خالی نہیں کہ امریکہ اور پاکستان دونوں ایک ہی گروپ میں شامل کیے گئے ہیں اوردونوں ممالک چھ جون کو ایک دوسرے کے ساتھ گروپ میچ میں مدِّ مقابل ہونگے جس کا سب کو بے چینی سے انتظار رہے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں