ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ پانچ روز کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

بدھ 24 اپریل 2024 20:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ پانچ روز کے دوران آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، موسلادھار بارش کے باعث برساتی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 25 تا 29 اپریل کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، جھکڑاور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ 26 تا 27 اپریل کے دوران بلوچستان نوشکی، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان، گوادر، کیچ آواران کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

27 تا 28 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال، مانسہرہ اور کوہستان کے مقامی ندی نالوں میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صوتحال متوقع ہے ۔

27 تا 29 اپریل کے دوران تیز بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہے۔ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کاشتکار وں کو فصل خصوصاً گندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات تشکیل دینے جبکہ سیاحوں و مسافروں کو پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سفر ضروری ہو تو موسم اور راستوں کی صورتحال سے آگاہ رہیں۔

بہائو تیز ہونے کی صورت میں برساتی ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کیا جائے، اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے بجلی کے کھمبوں،کچی عمارتوں، ٹوٹی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں۔ اس کے علاوہ نشیبی علاقوں کے مکین ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہیں۔ موسم برسات میں نقصان سے بچائو کے لئے چھتوں، تہہ خانوں اور بیرونی دیواروں کی واٹر پروفنگ کو یقینی بنایا جائے، اسی طرح نکاسی آپ کو یقینی بنانے کے لیے برقت ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ دیواروں اور چھتوں میں شگاف ، کریک کی بر وقت مرمت یقینی بنائی جائے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں