جیکب آباد شہر میں میڈیکل اسٹوروں پر غیر معیاری ،جعلی اور غیر ملکی ادویات کی فروخت سرعام جاری

جمعہ 23 مارچ 2018 21:06

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) جیکب آباد شہر میں میڈیکل اسٹوروں پر غیر معیاری ،جعلی اور غیر ملکی ادویات کی فروخت سرعام جاری، ڈرگ انسپکٹر اور محکمہ صحت خاموش تفصیلات کے مطابق جیکب آباد شہر اور گردونواح میں میڈیکل اسٹوروں پر غیر معیاری ،جعلی اور غیر ملکی ادویات سرعام فروخت ہونے لگی ہیں جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے میڈیکل اسٹور مالکان عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف ہیں ،جیکب آباد میں غیر معیاری اور جعلی ادویات کی فروخت میں میڈیکل اسٹور مالکان سمیت ڈاکٹر بھی ملوث ہیں ،میڈیکل اسٹورز والے ڈاکٹروں کی ملی بھگت سے غیر معیاری اورجعلی ادویات کی قیمتیں بھی دوگنی وصول کرتے ہیں ،غیر معیاری ادویات کی آڑ میں دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹا جارہا ہے، غیر معیاری اور جعلی ادویات کے استعمال سے ایک طرف عوام پیسوں سے محروم اور مزید بیماریوں میں مبتلا ہو نے لگی ہیں، جعلی اور غیر معیاری ادویات کی کمپنی کے نمائندے ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹور مالکان کو اپنے ادویات فروخت کرانے کے لیے بھاری رشوت، بیرونی ممالک کے دورے،فریج، ٹی وی، موٹر سائیکل اور موبائل فون و دیگر قیمتی انعامات کا لالچ دیکر انسانی جانوں سے کھیلنے میں مصروف ہیں ، شہرمیں سرعام غیر معیاری، جعلی، اور غیر ملکی ادویات کی فروخت کو روکنے کے لیے ڈرگ انسپکٹر یا محکمہ صحت کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا معلوم ہوا ہے کہ محکمہ صحت کے حکام نے میڈیکل اسٹور مالکان سے ہر ماہ بھاری رشوت وصول کرکے انہیں انسانی جانوں سے کھیلنے کا سرٹیفکیٹ دے دیا ہے ، شہر میں میڈیکل اسٹوروں پر نشہ آوار ادویات بھی فروخت کی جارہی ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں کی بڑی تعداد یہ ادویات استعمال کرتی ہے، جیکب آباد کی عوام نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر معیاری، جعلی اور غیر ملکی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں