کشمیر ی مہاجرین کے مسائل کا حل صرف عوامی تحریک کے پاس ہے‘طاہر کھوکھر

ہم سب کو مل کر ملک میں پرامن انقلاب کے لئے جدوجہدکرنے کی ضرورت ہے ، تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے

منگل 6 جولائی 2021 12:55

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2021ء) رہنما جموں وکشمیر عوامی تحریک ، سابق وزیرسیاحت و ٹرانسپورٹ ،امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے۔34(جموں۔1)محمدطاہرکھوکھر کا خانیوال ، جھنگ ، جوہر آباد کاطوفانی دورہ ، پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں، عوامی حلقوں اور کشمیری مہاجرین سے ملاقاتیں، عوام کا زبردست خیرمقدم ، مکمل حمایت کااعلان ۔

مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے کہا کہ کشمیر ی مہاجرین کے مسائل کا حل صرف عوامی تحریک کے پاس ہے ۔ڈاکٹر طاہرالقادری کا 10 نکاتی انقلابی ایجنڈا عوام کے دلوں کی آواز ہے ۔ ہم سب کو مل کر ملک میں پرامن انقلاب کے لئے جدوجہدکرنے کی ضرورت ہے ، تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہو سکے۔ طاہرکھوکھرنے کہا کہ کشمیری مہاجرین کے مسائل کے حل کیلئے بحیثیت ایم ایل اے اور وزیر حکومت انہوں نے جو کردار ادا کیا عوام اس سے بخوبی آگاہ ہیں ۔

(جاری ہے)

آئندہ بھی مہاجرین کے مسائل کے حل کیلئے کردار اد کرتے رہیں گے۔ زمینوں پر قبضے ، مالکانہ حقوق ، روزگار مہاجرین کے بڑے مسائل ہیں۔مہاجرین کے بچوں کے لئے آزادکشمیر کی ملازمتوں میں 25 فیصد کوٹہ مختص ہے ۔ بحیثیت ایم ایل اے اور وزیر انہوں نے کسی کو بھی مہاجرین کے کوٹہ کی خلاف ورزی نہیں کرنے دی لیکن گزشتہ پانچ سال مہاجرین کا کوٹہ نظرانداز کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ مہاجرین کے کوٹہ پر سو فیصد عملدرآمد کروایاجائے گا۔ قبضہ مافیا سے مہاجرین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے قانون سازی سمیت انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والوں اداروںکو لینڈ مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے مجبور کیاجائے گا جبکہ مہاجرین کے حقوق غصب کرنے والوںکا کڑا احتساب ہوگا۔ طاہرکھوکھر نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک کی قیادت بالخصوص قائد انقلاب ڈاکٹر طاہر القادری کشمیری عوام اور مہاجرین کشمیر سے خصوصی محبت رکھتے ہیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کشمیری مہاجرین کے مسائل میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں۔

کشمیری مہاجرین کے مسائل کا حل عوامی تحریک کی قیادت کی اولین تر جیح ہے۔کشمیری مہاجرین نے اس موقع پرطاہرکھوکھر کی مہاجرین کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ طاہرکھوکھر مہاجرین کی حقیقی آواز ہیں اور انہوں نے دلیری سے ہر فورم پر مہاجرین کی نمائندگی کی ہے۔ آئندہ انتخابات میں مہاجرین کشمیر طاہرکھوکھر کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں