محمد نواز خان بلوچ ایڈووکیٹ کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کا نائب صدر قرار دے دیا گیا

جمعرات 19 مارچ 2020 21:27

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2020ء) پنجاب بار کونسل نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران محمد نواز خان بلوچ ایڈووکیٹ کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کا نائب صدر قرار دے دیا ہے جبکہ قبل ازیں بار کے الیکشن کے دوران نائب صدر کا انتخاب جیتنے والے امیدوار خضر حیات علیانہ ایڈووکیٹ کی کامیابی کالعدم قرار دے دی گئی ہے ۔پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ذرائع نے بتایاکہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کے سالانہ انتخابات کے دوران نائب صدر کے عہدہ کیلئے خضر حیات علیانہ ایڈووکیٹ کو کامیاب قرار دیا گیاتھا تاہم اس وقت کے شکست خوردہ امیدوار برائے نائب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ محمد نواز خان بلوچ ایڈووکیٹ نے انتخابی نتائج کے خلاف پنجاب بار کونسل میں الیکشن پٹیشن نمبر 8/2020دائر کی تھی جس پر گزشتہ روز ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کے نائب صدر کے عہدہ کے تینوں امیدواروں اور ان کے نمائندگان کی موجودگی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی تو اس کے نتیجہ میں نائب صدر کے عہدہ کیلئے کاسٹ کئے گئے کل 775ووٹوں میں سے محمد نواز خان بلوچ ایڈووکیٹ نے 374، خضر حیات علیانہ ایڈووکیٹ نے 364 اور مظہر علی خان سیال ایڈووکیٹ نے 20ووٹ حاصل کئے جبکہ 17ووٹ مسترد قرار دے دیئے گئے۔

اس طرح ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے دوران محمد نواز خان بلوچ ایڈووکیٹ کو 10ووٹوں کی برتری کے ساتھ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کا نائب صدر ڈکلیئر کر دیا گیا۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ بار جھنگ کے سینئر قانون دان چوہدری عبدالقیوم ایڈووکیٹ اور چوہدری شوکت پرویز سلیمی ایڈووکیٹ سمیت انجمن تاجران اور دیگر تنظیموں نے محمد نواز خان بلوچ کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جھنگ کا نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ وکلاء کی فلاح وبہبود کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

جھنگ میں شائع ہونے والی مزید خبریں