ماں نے 3 بیٹیوں کے گلے کاٹ کر خود کو آگ لگا دی

بچیوں کی عمریں 2، 3 اور 5 سال ہیں۔ پولیس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 1 جنوری 2022 11:36

ماں نے 3 بیٹیوں کے گلے کاٹ کر خود کو آگ لگا دی
پنڈ دادن خان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2022ء) : پنڈ دادن کے نواحی گاؤں ہرن پور میں ماں نے 3 معصوم بچیوں کے تیز دھار آلے سے گلے کاٹ کر خود کو آگ لگا دی۔ تفصیلات کے مطابق جہلم کے نواحی گاؤں ہرن پور میں ماں نے اپنے ہاتھوں سے اپنی ہی تین بچیوں کو قتل کرتے ہوئے موت کے گھاٹ اتاردیا ۔ پولیس کے مطابق بچیوں کی عمریں 2، 3 اور 5 سال ہیں، بچیوں کو قتل کرنے کے بعد ماں بے بھی خودکشی کی کوشش کی۔

تینوں بچیوں کے گلے کاٹنے کے بعد ماں نے اپنے آپ کو آگ لگالی جس سے وہ جھلس کر شدید زخمی ہوگئی۔ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمر زوئیہ 5، فائزہ 4 اور جنت کی 3 سال ہے، خاتون یاسمین کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون یاسمین کا شوہر فیض احمد رکشہ ڈرائیور ہے تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دل خراش واقعے کی خبر جب بچیوں کے والد کو دی گئی تو وہ صدمے سے بے ہوش ہوگیا، کمسن بچیوں کے اندوہناک قتل پر علاقے میں سخت خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ دوسری جانب ہرن پور میں تین بچیوں کےقتل کی لرزہ خیز واردات پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم راناطاہر رحمان خان نے نوٹس لیا ہے اور ڈی ایس پی سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے، واقعے کے محرکات جاننے کے لئے پولیس کی بھاری نفری جائے حادثے پر موجود ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں گھریلو حالات سے تنگ آ کر والدین کی جانب سے انتہائی اقدام اُٹھائے جانے کے کئی واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔ قبل ازیں ایک والد نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر اپنے بچوں کو نہر میں پھینک دیا تھا جس سے وہ ڈوب کر مر گئے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں