حکومت پنجاب کی ہدایت پر رمضان کے مقدس مہینے میں عوام کو کم قیمت پر معیاری اشیاء خردنی کی فراہمی کے لیے چھ رمضان بازار لگائے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر جہلم

پیر 22 اپریل 2019 22:21

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے کہاہے کہ ضلع جہلم کی چار تحصیلوں میں ماہ رمضان میں چھ رمضان بازار لگائے جائیں گے جن میں صارفین کو تمام اشیائے خودونوش ارزاں نرخوں پر فراہم کی جائیں گی اور اشیاء کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، رمضان بازاروں کی آن لائن مانیٹرنگ پنجاب لیول میں کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ آٹا اور چینی سمیت دیگر اشیاء خرد و نوش پر خصوصی سبسڈی دی جائیگی اور ہر رمضان بازار میں گرم موسم کے پیش نظر پنکھے اور ائر کولر فراہم کئے جائیں گے تاکہ صارفین پرسکون ماحول میں خریداری کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نے ضلعی افسران کے ہمراہ رمضان بازاروں کے انعقاد کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا ہے کہ مشین محلہ نمبر 2، اکرم شہید پارک،جی ٹی روڈ دینہ ، بوہار چوک سوہاوہ، ٹی ایم اے آفس کے سامنے کھیوڑا اور مین بازار پنڈ داتانخان میں رمضان بازار لگائے جائیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کے رمضان بازار آخری روزے تک لگے رہیں گے اور جہلم کے عوام کو کم قیمتوں پر معیاری اشیا ء کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہو گی۔ زائد قیمت وصول کرنے والوں اورذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی کہ اس ضمن میں کسی کے ساتھ نرم رویہ نہیں اپنایا جائے گا۔

ڈپٹی سیف انور جپہ نے تمام تحصیلوں سے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ اپنی اپنی تحصیل میں لگنے والے رمضان بازار میں صفائی ستھرائی اور اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کروں گا اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی اولین ترجیح میں شامل ہے ۔انہوں نے بتایا ہے کہ محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک اور دیگر محکموں کی جانب سے ہر رمضان بازار میں تازہ سبزیوں اور گوشت کے سٹالز لگائے جائیں گے اور اعلی معیار کی سبزی اور فروٹ ارزاں نرخو ں پر فراہم کی جائیگی۔ ضلع بھر میں مخیر حضرات کے ساتھ مل کر مدنی دسترخوان لگائے جائیں گے۔

جہلم میں شائع ہونے والی مزید خبریں