حویلی کہوٹہ ، پولیو مہم 2024 کے پہلے راؤنڈ کا باقاعدہ افتتاح کردیاگیا

جمعہ 5 جنوری 2024 22:56

حویلی کہوٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2024ء) پولیو مہم 2024 کے پہلے راؤنڈ کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر حویلی عمران شاہین اور ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام نبی مغل نے ہمراہ دیگر ڈسٹرکٹ آفیسران کیا۔پولیو مہم کے دوران محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ضلع حویلی میں27ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

پولیو سے بچاؤ کی قومی مہم ملک بھر میں 08 تا 12 جنوری تک جاری رہے گی۔محکمہ صحت عامہ کی موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔مراکز صحت اور مختلف انٹری پوائنٹ پر بھی ٹیمیں موجود ہوں گی۔یونین کونسل اورتحصیل سطح پر موثر مانیٹرنگ کے لیے سپروائزر بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران شاہین نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر دو دہائیوں سے پولیو فری سٹیٹ ہے جسکا کریڈیٹ محکمہ صحت عامہ کے ملازمین اور فرنٹ لائن ورکرز کو جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ایک موزی مرض ہے جس سے بچاؤ کے لیے ہمیں ہر طرح کی حفاظتی تدابیریں کرنی چاہیں۔ ہمیں صحت عامہ کے نمائندوں سے تعاون کرنا چاہیے تا کہ اس موذی مرض کے پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی مغل نے کہا کہ اس سے قبل بھی ضلع ہذا نے اپنا ہدف 100فیصد حاصل کیا۔اس بار بھی بہترین پلاننگ کی گئی ہے جس کے لیے ضلع بھر میں مانٹیرنگ کے لیے بھی موثر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں 156 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جبکہ 16 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 21 فکس سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ سپرویڑن کے لیے بھی تحصیل، یونین کونسل اور ایریا کی سطح پر بھی سپروائزر تعینات کیے گئے ہیں۔انہوں نے تمام شرکا تقریب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قبل ازیں بھی ضلع حویلی میں پولیو مہمات کے دوران ضلعی انتظامیہ کا تعاون بھر پور رہا ہے اور امید کرتے ہیں اس کمپین میں بھی بھر پور تعاون رہے گا۔

اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ پولیس خواجہ امیر الدین،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ جاوید بانڈے، اے سی ہیڈ کوارٹر سرفراز حسین شاد،مئیر بلدیہ حویلی کہوٹہ شیخ محمد عارف،تحصیل مفتی محمد صادق رضوی،سول سوسائٹی سے گلزار خان راٹھور، تحصیلدار حویلی صداقت راٹھور،آفیسر مال چوھدری شفقت، WHO سے ڈاکٹر جاوید خان شعبہ EPIکے آفیسران اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای پی آئی عبدالرحمن،ڈی ایس وی محمد فاروق میر،محکمہ اطلاعات کے ذمی داران اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

کہوٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں