بازار میں جگہ جگہ ایل پی جی گیس اور پٹرول فروخت کرنے سے ہمہ وقت خطرہ ،نقصان کا اندیشہ رہتا ہے، ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس

جمعرات 10 جون 2021 15:44

سوراب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) ڈپٹی کمشنر عبدالقدوس اچکزئی کی صدارت میں انجمن تاجران کا اجلاس منعقد ہوا ، ایل پی جی گیس اور پٹرولیم فروخت کرنے والوں کو بازار کی گنجان آبادی سے علیحدہ مخصوص جگہ پر منتقل کرنے کی تجویز، انجمن تاجران کا ڈپٹی کمشنر کے فیصلے سے اتفاق، شہر کی بھلائی اور لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی، اسسٹنٹ کمشنر گدر جلال الدین کاکڑ اسسٹنٹ کمشنر سوراب محمد اسماعیل مینگل بھی موجود تھے، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سوراب عبدالقدوس اچکزئی نے اپنے آفس میں تاجران کا ایک اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں انجمن تاجران کے سرکردہ رہنماؤں اور ایل پی جی فروخت کرنے والے دکانداران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بازار میں جگہ جگہ ایل پی جی گیس اور پٹرول فروخت کرنے سے ہمہ وقت خطرہ اور نقصان کا اندیشہ رہتا ہے، شہر میں ایل پی جی دکانوں میں لگنے والے آگ کی واقعات بھی سب کے سامنے ہیں جن کے باعث ماضی میں نہ صرف متاثرہ دکان بلکہ آس پاس کے دوسرے تاجروں کوکروڑوں روپے کے نقصان اٹھانا پڑا ہے جبکہ یہ خدشہ اب بھی برقرار ہے جس سے بازار میں موجود قیمتی انسانی جانوں اور مالی نقصان کے خدشے کے پیش نظر ہمیں شدید تحفظات ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان خدشات کا پیشگی تدارک ہو، بازار میں ہر جگہ بالخصوص گنجان حصوں میں ایل پی جی گیس فروخت کرنے پر پابندی عائد کرکے انہیں ایک مخصوص کھلی جگہ پر منتقل کیا جائے تاکہ خدانخواستہ کسی حادثہ کی صورت میں تاجروں کوزیادہ نقصانات سے بچایا جاسکے، انہوں نے ایل پی جی اور پٹرولیم فروخت کرنے والے دکانداروں کو حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی تاکید بھی کی، اس موقع پر انجمن تاجران کے نمائندگان اور، متعلقہ دکانداروں نے انتظامیہ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے فیصلے پر عملدرآمد کی ہرممکن یقین دہانی کی۔

قلات میں شائع ہونے والی مزید خبریں