آئی جی سندھ سے روٹری کلب آف پاکستان اور عارف حبیب کموڈٹیز کے وفد کی ملاقات

اتوار 30 اپریل 2017 17:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے روٹری کلب آف پاکستان اور عارف حبیب کموڈٹیز کے وفد نے سینٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی روٹری کے صدر شہزاد صابر کر رہے تھے۔ اس موقع پر پولیسنگ کے معیار میں بہتری لانے سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں طے پایا کہ وفد اپنے متعلقہ ادارے سے ماہرین کا انتخاب کرکے سندھ میں قائم پولیس سہولت مراکز کے عملے کو معیاری پولیسنگ، مثبت برتاؤ، حسن سلوک، شائستہ رویے اور روائتی تھانہ کلچر کو کس طرح تبدیل کیا جا سکتا ہے، جیسے اقدامات کی باقاعدہ تربیت دیں گے جس میں لیکچر، سیمینارز، ورکشاپس منعقد کی جائیں گی۔

اس موقع پر آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی سندھ اور پرنسپل پولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد پر مشتمل کمیٹی قائم کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ وفد میں شامل عہدیداران اور ممبران سے ذریعہ، روابط اور شیڈول اجلاس ومشاورت سے تمام تر عملی اقدامات پر مشتمل تجاویز تیار کی جائیں تاکہ معیاری تربیت کے سلسلے کا جلد سے جلد آغاز کرتے ہوئے پولیسنگ کے معیار کو عوام دوست بنانے، تھانوں کی فضا اور ماحول کو عوام کی امنگوں کا ترجمان بنانے، تھانوں کے روائتی کلچر کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس پرعوام کا اعتماد بڑھانے جیسے اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی وخوشحالی کا دارومدار پرامن حالات و پرسکون ماحول پر ہوتا ہے، ایسے معاشروں میں قانون پسند شہری پولیس کے ساتھ تعاون اور رابطوں پر فخر کرتے ہیں کیونکہ جرائم کے خلاف جنگ میں یقینی کامیابی میں پولیس کی محنت لگن اور صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ عوام کا انفرادی واجتماعی کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سندھ آفتاب پٹھان، ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان اور پرنسپل پی ٹی سی سعید آباد شاد ابن مسیح موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں