کراچی ،پوری قوم کو 71ویں یوم جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتاہوں، حافظ نعیم الرحمن

پاکستان کسی خطہ زمین کا نام نہیں بلکہ پاکستان ایک نظریے کا نام ہے،جو پاکستا ن کو لبرل اور سیکولر بنانے کی کوشش کرے گا ہم ان کے خلاف اعلان جنگ کریں گے،امیر جماعت اسلامی کراچی

منگل 14 اگست 2018 22:02

کراچی ،پوری قوم کو 71ویں یوم جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتاہوں، حافظ نعیم الرحمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان کے 71ویںیوم آزادی کے سلسلے میں دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نورحق میں پرچم کشائی اور پاکستان کی سالمیت وروشن مستقبل کے لیے دعا کی۔ دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کراچی کے ہیڈ آفس میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں بچوں کے ساتھ مل کر پود ابھی لگایااور دعا کی۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو 71ویں یوم جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتاہوں اور دعا گوہوں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے اور پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق بنائے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی خطہ زمین کا نام نہیں بلکہ پاکستان ایک نظریے کا نام ہے جسے ہمارے آباؤاجداد نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر انگریزوں سے حاصل کیا۔

(جاری ہے)

انگریز ہم سے ہمارا دین ہمارا نظریہ چھین لینا چاہتے تھے لیکن قائد اعظم ؒ نے تحریک پاکستان چلا کر ان کے عزائم کو خاک میں ملادیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی اصل لاالہ اللہ کی بنیاد پر ہے جو پاکستا ن کو لبرل اور سیکولر بنانے کی کوشش کرے گا ہم ان کے خلاف اعلان جنگ کریں گے ۔لاالہ اللہ کا نظام عدل و انصاف اور تعمیر و ترقی کا نظام ہے ، خاندان ،معاشرہ اور ترقی کی علامت ہے ۔

انہو ں نے کہاکہ پاکستان کے ایٹم بم بنانے کی خوشی میں مراکش،ترکی ، ملائشیا اور انڈونیشیا سمیت تمام مسلم ممالک میں خوشیا ںمنائی گئیں اور یکجہتی کا اظہار کیا گیااور یہ پیغام دیا کہ آج اسلامی مرکز ایٹمی طاقت بن گیا ہے ۔ ہم پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق بنائیں گے اور ملک میں سیکولر اور لبرل قوتوں کی سازشوں کوناکام بنادیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی بقاء صرف ایک کلمہ کی بنیاد پر ہی ممکن ہوسکتی ہے اوراس ملک میں تعمیر و ترقی دنیا کی سب سے بڑی طاقت اسلام ہی لاسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ آئیے آج جشن یوم آزادی کے موقع پر عزم کریں کہ اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کی طرف سفر تیز کریں گے بے حیائی ، منکرات اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے ۔

بچے ملک کے مستقبل کے معمار ہیں بچوں کے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان میں بے پناہ وسائل موجود ہیں اسلامی نظا م نہ ہونے کی وجہ سے عوام کی تمناؤں و آرزؤں کا خون کیا جارہا ہے ،ملک میں طبقاتی نظام رائج ہے ۔ آج تحریک آزادی کے مقصد کو تیز کرنے کی ضرورت ہے صرف جماعت اسلامی ہی امت کے ماتھے کاجھومر ہے جوعلامہ اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتی ہے ۔

اور قائد اعظم کے پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بناسکتی ہے۔ پرچم کشائی کے موقع پر سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، نائب امراء محمد اسلام ، محمد اسحاق خان ،ڈپٹی سکریٹری راشد قریشی ، انجینئر عبد العزیز، حافظ عبد الواحد شیخ ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، راجا عارف سلطان اور دیگر بھی موجود تھے ۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں