پی ٹی آئی کراچی کے صدر بنائے جانے پر خرم شیر زمان کا اظہارِ تشکر

اتوار 23 ستمبر 2018 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین نے بڑی ذمہ داری دی ہے۔ میں پوری کوشش کروں گا کہ اس ذمہ داری کا حق ادا کرسکوں۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پی ٹی آئی کراچی کا صدر بنائے جانے پر چیئرمین عمران خان اور قیادت کا شکر گزار ہوں۔

ہم کراچی میں تحریک انصاف کی بہترین تنظیم سازی کریں گے اور عوام اور کارکنان کی سپورٹ سے آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو کراچی کے عوام نے مینڈیٹ دیاہے۔ ہم چاہتے ہیں کراچی میں بھی تبدیلی آئے۔ نیا پاکستان نئے کراچی کے بغیر نہیں بن سکتا۔

(جاری ہے)

دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ کراچی کی سطح پر بھی لگائیں گے۔ ہم کراچی بھی دو نہیں بلکہ ایک چاہتے ہیں۔

ایک ایسا کراچی جہاں غریب اور امیر کی تفریق نہ ہو اور لوگ بلا تفریق صحت، تعلیم اور انصاف حاصل کرسکیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بنے اور یہاں کی رونقیں بحال ہوں۔ وفاقی حکومت نے کراچی کے لیے پچاس ارب کا کراچی پیکیج دیا ہے۔ قائد کا شہر کراچی اپنے مسائل کا حل چاہتا ہے۔ لوگ پانی کی کمی، صحت و صفائی کے مسائل اور بجلی و گیس کے محکموں کی من مانیوں سے پریشان ہیں۔ مسائل کا ایک انبار ہے جسے حل کرنا ہے ۔ تحریک انصاف کراچی کی قیادت ان مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں