ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت اجلاس، چہلم حضرت امام حسینؑ کے حوالے سے سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا

پیر 22 اکتوبر 2018 18:32

ڈی جی رینجرز کی زیر صدارت اجلاس، چہلم حضرت امام حسینؑ کے حوالے سے سکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2018ء) ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل محمد سعید کی زیر صدارت رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں سیکورٹی کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئی جی سندھ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران چہلم حضرت امام حسینؑ کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ چہلم حضرت امام حسینؑ کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سیکورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے اور اسٹریٹ کرائم کے تدارک کے حوالے سے مرتب کی گئی حکمت عملی کا بھی ازسرنوجائزہ لیا۔ اجلاس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ صوبے بھر میں امن ا مان قائم رکھنے کے لیے مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلا ق کی پاسداری کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے کسی بھی شرپسند عناصر ، مشکوک سرگرمی اور ناخوش گوار واقعہ کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن1101 ، رینجرز مدد گار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں