پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیر کو انسانی حقوق کا عالمی دن منایا گیا

پیر 10 دسمبر 2018 15:20

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیرکو انسانی حقوق کا عالمی دن منایا گیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد انسان کے حقوق کو بلاتفریق رنگ و نسل، مذہب اور زبان تسلیم کرنا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اس دن کو منانے کا فیصلہ 10 دسمبر 1948ء میں کیا جس کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کی انسانی حقوق کے حوالے سے اقوام متحدہ کے ڈیکلیریشن کی جانب توجہ دلانا ہے۔

رواںسال اقوام متحدہ نے اس دن کے موقع پر کرہ ارض پر رہنے والے تمام انسانوں سے دوسروں کے واجب انسانی حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کا کہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹرش نے اس دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ریاستوں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اس تاریخ کے انتخاب کا مقصد 10 دسمبر 1949ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے توثیق کردہ انسانی حقوق کا آفاقی منشور یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس کی یاد تازہ کرنا اور دنیا کی توجہ اس طرف مبذول کروانا ہے۔

اسے عالمی سطح پر انسانی حقوق کا پہلا اعلان تعبیر کیا جاتا اور اقوامِ متحدہ کی ابتدائی بڑی کامیابیوں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔ یومِ انسانی حقوق کا رسمی تعین 4 دسمبر 1950ء کو جنرل اسمبلی کے 317 ویں اجلاس میں ہوا، جب جنرل اسمبلی نے قرارداد 423(V) پیش کی، جس کے تحت تمام رکن ممالک اور دل چسپی رکھنے والی دیگر تنظیموں کو یہ دن اپنے اپنے انداز میں منانے کی دعوت دی گئی۔ اس دن کی مناسبت سے شہر قائد میں کانفرنسوں اور جلسوں کا انعقاد کیا گیا اور انسانی حقوق سے متعلق مسائل کو اجاگر کیا گیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں