گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آل پاکستان سیکورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

منگل 22 جنوری 2019 23:10

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آل پاکستان سیکورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کرنل (ر) توقیر السلام کی سربراہی میں چار رکنی وفد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پرائیویٹ سیکورٹی کمپنیز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ افراد کو سیکورٹی گارڑز تعینات کرکے ہم شہر میں جرائم کی روک تھام کو یقینی بنا سکتے ہیں اس ضمن میں پولیس اور نجی سیکورٹی کمپنیوں کے مابین قریبی تعاون اور معلومات کے تبادلہ سے نجی سیکورٹی کمپنیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ چیئرمین آل پاکستان سیکورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن نے نجی سیکورٹی اداروں کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایا کہ سیکورٹی گارڑز کی تربیت اور انہیں جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ایسوسی ایشن اقدامات کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ سیکورٹی کمپنیوں کو ایسوسی ایشن سے رجسٹرڈ کرانے کا پابند بنا کر ہی ہم حکومت کے وضع کردہ طریقہ کار پر عمل درآمد کو یقینی بناسکتے ہیں۔ انہوں نے سیکورٹی گارڑز کی تربیت، جرائم کی روک تھام میں ان کے کردار اور دیگر متعلقہ امور پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں