میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کردیا

40 گاڑیاں روزانہ کی بنیاد پر ہر ڈسٹرکٹس میں اسپرے کررہی ہیں، 24 اگست کو ملیر ڈسٹرکٹ کے تمام زون میں اسپرے کیا گیا

اتوار 25 اگست 2019 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2019ء) میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کردیا ہے، 40 گاڑیاں روزانہ کی بنیاد پر ہر ڈسٹرکٹس میں اسپرے کررہی ہیں، 24 اگست کو ملیر ڈسٹرکٹ کے تمام زون میں اسپرے کیا گیا جبکہ 25 اگست اتوار کو ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 40 گاڑیوں کے ذریعے اسپرے کیا گیا، 26 اگست کو سینٹرل، 27اگست کو ویسٹ، 28 اگست کو ملیر ڈسٹرکٹ میں اسپرے ہوگا جبکہ 29 اگست کو ڈسٹرکٹ کونسل کے علاقوں میں اسپرے کیا جائے گا، میئر کراچی وسیم اختر نے ہدایت کی ہے کہ اسپرے کے دوران ندی ، نالوں اور جہاں پانی کھڑا ہو یا مکھیوں اور مچھروں کی افزائش کی جگہ ہو وہاں دو مرتبہ اسپرے کیا جائے اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کوئی علاقہ باقی نہ رہے، اسپرے مہم کے دوران جن مقامات پر اسپرے کرنے والی گاڑیوں کا جانا دشوار ہو وہاں دستی اسپرے مشینوں کے ذریعے اسپرے ممکن بنایا جائے، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز اپنے دستیاب وسائل اور افرادی قوت کے ساتھ اسپرے مہم کو موثر انداز میں کامیاب بنائیں اور اس کے لئے یہ ضروری ہے کہ عوام میں بھی شعور اور آگاہی بیدار کی جائے اور جن علاقوں سے اسپرے نہ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں وہاں فوری طور پر اسپرے ٹیم روانہ کی جائے تاکہ شہر کا کوئی بھی علاقہ اسپرے سے محروم نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی اگر ضروری ہوا تو دوبارہ شروع کی جائے گی جب تک مکھیوں اور مچھروں کا خاتمہ نہیں ہوتا اسپرے مہم کو جاری رکھیں گے، واضح رہے کہ ہفتہ کو میئر کراچی نے ملیر کے علاقے سعود آباد سے اس اسپرے مہم کا آغاز کیا تھا اس موقع پر میڈیا کو بتایا تھا کہ جراثیم کش ادویات کا کوئی مسئلہ نہیں ہم خود بھی خرید رہے ہیں اور مخیر حضرات سے عطیات بھی وصول کر رہے ہیں تاہم اس حوالے سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جراثیم کش ادویات کی کمی نہیں ہونے دیں گے۔

واضح رہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر سیوریج کے پانی کی موجودگی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بیماریاں پھیل رہی تھیں جس کا میئر کراچی وسیم اختر نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکمے کے افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ شہر کے مختلف اضلاع میں اسپرے مہم کو شیڈول کے مطابق جاری رکھیں اور روزانہ شہر کے ایک ضلع میں واقع تمام یونین کونسلوں میں اسپرے کیا جائے۔اسپرے مہم کے دوران شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ دوران اسپرے اپنے کھانے پینے کی اشیاء کو ڈھانپ کر رکھیں، اسپرے کی تکمیل کے بعد برتنوں کو اچھی طرح پانی سے دھو کر استعمال کریں نیز اپنے پالتو جانوروں کو اس اسپرے مہم کے دوران دور رکھیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں